’سن روم‘ صحن کو دے ایک جدید شکل

July 14, 2019

کسی بھی گھر میں قدرتی روشنی بنیادی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ اگر آپ کے گھر میںسورج کی روشنی بھرپور آتی ہے تو آپ گھر کے صحن، پورچ یا داخلی حصے میں خوبصورت ’سن روم‘ تعمیر کرواسکتے ہیں، جوکہ اِن ڈور ہونے کے باوجود آؤٹ ڈور لُک دیتاہے۔ گھر کا یہ اضافی کمرہ نہ صرف خوبصورت لینڈ اسکیپ فراہم کرتا ہے بلکہ دن کے اوقات میں سورج اور شام میں چاند کی روشنی کے لیے بھی بہترین ہے۔ سن روم کی یہ خاصیت انسانی موڈ اور صحت دونوں پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔ سن روم کا ٹرینڈ مغربی ممالک میں تو خاصا عام ہے، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ مشرقی ممالک میں بھی یہ ٹرینڈ مقبولیت حاصل کررہا ہے ۔

سن روم ٹرینڈ کا آغاز

تاریخ میں پہلی بار سن روم کی تعمیرسترہویں صدی میں کی گئی مگر اس ٹرینڈ کو مقبولیت 19ویں صدی میں حاصل ہوئی۔ اس دور میں اسٹیل اور گلاس پینل سستے ہونے کے ساتھ بآسانی دستیاب تھے۔ اکیسویں صدی میں مکانات کے لیےسن روم کی تعمیر ضروری سمجھی جانے لگی ہے۔ تاہم نت نئے مٹیریل اورکنسٹرکشن ٹرینڈزآجانے کے سبب ڈیزائن کا انتخاب تھوڑا مشکل ہوگیاہے۔ اسی کو مدِنظر رکھتے ہوئے آج ہم سن روم ٹرینڈز اور ڈیزائننگ ٹپس کے حوالے سے کچھ گفتگو کرتے ہیں۔

خم دار چھت اسٹائل

سن روم میں چھت کی تعمیر نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ خم دار چھت کے ساتھ تعمیر کیے جانے والے سن روم ان دنوں سب سے زیادہ مقبول ہیں۔ اس طرح کے سن روم کی تعمیر خاص طور پر شیشے سےکروائی جاتی ہے جبکہ باہر کے رُخ چھت تھوڑی جھکی ہوئی (خم دار) ہوتی ہے۔ یہ اسٹائل کشادہ جگہ کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ مواد کے طور پر گلاس شیڈ کا انتخاب اس کمرے کو آرام دہ اور انرجی ایفیشنٹ بناتا ہے، ساتھ ہی گھر کو بھی خوبصورتی دکھاتا ہے۔ سادہ اور کلاسیکل دیوار کے ساتھ یہ ڈیزائن سال کے چاروں موسم میں جدت اور روایت کا خوبصورت امتزاج پیش کرتا ہے۔

کلیسا اسٹائل

اس اسٹائل کے تحت سن روم کی چار دیواری گول جبکہ چھت نوکدار تعمیرکروائی جاتی ہے، جس کے باعث یہ طرز ایکسٹیریئر کو وکٹورین لُک فراہم کرتا ہے۔ چھوٹی جگہوں پر سن روم کی تعمیر کے لیے یہ اسٹائل بہترین ہے۔ کلیسا اسٹائل کی تعمیر میں آپ کے پاس گلاس کے علاوہ بھی دیگر مواد کی ایک لمبی فہرست موجود ہوتی ہے، مثلاً اکثر افراد المونیم کو بطور پینل استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ نیچے کی طرف سے سن روم کی آدھی دیواریں لکڑی کی اور اُوپری دیواریں شیشےکی تعمیر کرواتے ہیں۔

ماڈرن اسٹائل

یہ ڈیزائن سیدھے اور خم دار ڈیزائن کی ایک جدید شکل ہے۔ اس ڈیزائن کو المونیم کے مڑے ہوئے گول پینل کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔ سن روم کا یہ ماڈرن ڈیزائن چھوٹی اور بڑی دونوں جگہوں کے لیے بہترین ہوتا ہے۔ تاہم اگر آپ بطور مواد المونیم کا انتخاب کررہے ہیں تو کوشش کریں کہ اس کی پتلی شیٹ منتخب کریں۔ سال بھر آرام دہ رہنے کے ساتھ ساتھ یہ ڈیزائن معیاری، انرجی ایفیشنٹ اورجدید بھی تصور کیا جائے گا۔

فلوریڈا روم اسٹائل

امریکا کے جنوب مشرقی خطے میں واقع ریاست فلوریڈا کے گھروں میں تعمیرشدہ سن روم سے متاثر ہوکر یہ ڈیزائن مرتب کیا گیا ہے، مغربی ممالک سمیت مشرقی ممالک میں بھی یہ ڈیزائن خاصا مقبول ہے۔ فلوریڈا اسٹائل اور کلاسیکل طرز پر بنائے گئے سن روم میںسے کسی ایک کا انتخاب کرنا قدرے مشکل ہوتا ہے۔ فلوریڈا روم اسٹائل کی ڈیزائننگ کے لیے عام طور پر خم دار چھت کا انتخاب کیا جاتا ہے، جس کی دیواروں کے لیے شیشہ استعمال کرنے کے بجائے سیمنٹ استعمال کیا جاتا ہے۔ مثلاً گھرکے پورچ یا اینٹرنس میں عام مواد سے ایک حصہ تعمیر کروایا جاتا ہے، جس میں ایک یا دو کے بجائے کئی کھڑکیاں تعمیر کروائی جاتی ہیں یا پھر ایک بڑی سی کھڑکی بھی تعمیر کراوئی جاسکتی ہے۔ کھڑکیوںاور فرنیچر کے لیے لکڑی بطور خاص منتخب کی جاتی ہے۔

آخر میںکچھ بنیادی نکات کی وضاحت ضروری ہے، جن کا جاننا آپ کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

مٹیریل :جدیدسن روم کی تعمیر کیلئے شیشہ(گلاس شیڈ) بنیادی مواد کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ اس کے فریم کے لیے المونیم، وینائل اور لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے، جس سے خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔

فلورنگ :فلورنگ کے لیے عام طور پر کسی بھی مواد (وینائل ،کارک یا لکڑی ) کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم ٹرینڈز کے حوالے دیکھا جائے تو اینٹوں کا فرش سن روم کے لیے خاصا مقبول ہے۔

روایتی لائن :سن روم کو قدرے مختلف اور خوبصورت اندازدینے کیلئے اس کی دیواروں پر روایتی لائنوں کا ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ گلاس وال کیلئے المونیم یا لکڑی کے پینل بہترین رہتے ہیں ۔

سائز :سن روم چاہے روایتی طرز کا ہو یا جدید، مختلف ڈیزائن کا انتخاب جگہ اور بجٹ پر منحصر ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ان دونوں چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چھت، دروازوں ور سن روم کے دیگر فیچرز کا انتخاب کیا جائے، اس کے لیےآپ کا آرکیٹیکچر یا ڈیزائنر سے رابطے میں رہنا ضروری ہے۔