آج دستر خوان سجا ہے، مختلف ملکوں کے پکوان سے

July 17, 2019

روز انہ دیسی کھانے کھا کھا کر دل کچھ اُکتا جاتا ہے ،اسی لیے اس ہفتے ہم کے لیے لائے ہیں کچھ ملکو ں کے مشہور پکوان ،انہیں بنا کر دیکھیں ہمیں اُمید ہے کہ آپ کو ضرور پسند آئیں گے ۔

کابلی پلائو (افغانی ڈش)

اجزاء۔ چاول ایک کلو، کابلی چنا آدھا کلو ابال کر گلا لیں، یخنی چھ گلاس تیار کی ہوئی، کالی مرچ بارہ دانے، لونگ چھ عدد، دارچینی چار ٹکڑے، بڑی الائچی چار عدد، کٹا ہوا ثابت گرم مسالہ تین کھانے کے چمچے، ادرک لہسن ایک کپ، گھی حسب ضرورت، نمک حسب ذائقہ، پیاز آدھا کلو بگھار کر الگ رکھ لیں ، ٹماٹر آدھاکلو کٹے ہوئے ۔

ترکیب۔ دیگچی میں تیل گرم کر کے اس میں ثابت گرم مسالہ اور کابلی چنوں میں ادرک لہسن ملا کر دیگچی میں ڈال دیں، تھوڑی دیر بعد ٹماٹر شامل کر کے خوب بھونیں،پھر اس میں یخنی اور چاول ملا کر پلائو کی طر ح پکائیں ۔آخر میں کٹا ہوا گرم مسالہ ڈال کر دم پر لگا دیں اور جب پلیٹ میں نکالیں تو اوپر سے بہت ساری بگھاری ہوئی پیاز ڈال دیں ۔

چلو کباب (ایرانی ڈش)

اجزاء۔ قیمہ دو کلو، پیاز چھ عدد باریک کاٹ لیں، اناردانہ ایک کپ، کٹی کالی مرچ حسب ذائقہ، بھنا ہوا سفید زیرہ دو کھانے کے چمچے، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کاٹ لیں، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب۔ تمام اشیاء کو قیمہ میں ملا کر دو گھنٹے کے لیےرکھ دیں، ایک سیخ پر ایک کباب چڑھائیں اور کوئلوں پر سینک لیں ۔آخری میں ہر کباب پر گھی یا مکھن لگائیں، کوئلوں پر چھ سات ٹماٹر اور پیاز بھی سینک لیں یہ کباب زیادہ تر خشکا چاولوں کے ساتھ کھائے جاتے ہیں، ہر پلیٹ میں دو عدد کباب، دو عدد ٹماٹر اور پیاز و پنیر کے ٹکڑے رکھ کر پیش کریں۔

شتاطماطم (سعودی چٹنی)

شتا عربی زبان میں مرچوں کو کہتے ہیں اورطماطم ٹماٹر کو۔

اجزاء۔ ہرے ٹماٹر چار عدد، لال ٹماٹر چار عدد، ہری مرچ بڑی والی چار عدد، ہرا دھنیا ایک گٹھی، سفیدسرکہ آدھی پیالی اور نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب۔ تمام اشیاء کو گرائنڈر میں ڈال کر پیس لیں اوراگر زیادہ گاڑھی ہو جائے تو حسب ضرورت پانی شامل کر لیں۔شتا طماطم ہر سعودی کھانے کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے خاص طور سے جو لوگ تھوڑی مرچ استعمال کرتے ہیں۔

تھوم (سعودی چٹنی)

تھوم عربی زبان میں لہسن کو کہتے ہیں،یہ بالکل تازہ بنائی جاتی ہے اور صرف دو روز تک استعمال کی جا سکتی ہے ورنہ خراب ہو جاتی ہے۔

اجزاء۔ لہسن کے جو چھلے ہوئے ایک کپ، فریش کریم ایک کپ، نمک حسب ذائقہ، لیموں کا رس تین چائے کے چمچے، زیتون کا تیل دوکھانے کے چمچے۔

ترکیب۔ تمام اشیاء کو جگ میں ڈال کر گرائنڈر میں پیس لیں، جتنا آپ پیسیں گی اتنی ہی مزیدار تیار ہو گی، اس میں پانی بالکل استعمال نہیں ہوگا۔