لندن: سائرہ پیٹر کی آواز میں قلندری دھمال ریلیز

July 17, 2019

پاکستان کی پہلی صُوفی اوپرا گلوکارہ سائرہ پیٹر نے اپنی آواز میں قلندری دھمال کی وڈیو ریلیز کردی، جس میں لندن کی گلوکارائیں بھی شریک ہیں۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


سائرہ پیٹر کی دھمال نے سوشل میڈیا پر دُھوم مچادی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ قلندری دھمال کا جادو کئی برسوں سے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ اسی لیے میں نے دھمال کو نئے انداز اور انگریز گلوکاروں کے ساتھ گانے کا تجربہ کیا۔ میں اپنے جذبات، خیالات، احساسات، تجربات اور مشاہدات کو گیتوں کا روپ دے کر صُوفیانہ اور عارفانہ کلام کو دنیا کے مختلف ممالک میں عام کررہی ہوں۔ ٹیلی ویژن، اخبارات، ریڈیو اور سوشل میڈیا نے میرے پیغام اور فن کو آگے پہچانے میں مدد کی۔

سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ میرا مشن ایک طرف تو میری پاکستانی اقدار ہیں، جن میں امن، یگانگت اور محبت کے پیغام کو صُوفیانہ کلام کے ذریعے پُوری دُنیا میں پھیلانا ہے اور دوسری طرف میری برطانوی اقدار ہیں، جن میں مختلف ثقافتوں اور دنیا کی مختلف کمیونیٹیز کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کی کوشش کو فروغ دینا ہے۔

واضح رہے کہ سائرہ پیٹر نے برِصغیر کے صُوفیانہ کلام خصوصاً سندھ کے صُوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری کا انگریزی میں ترجمہ کرکے اسے مغربی اوپرا کلاسیکل موسیقی کے ساتھ ترتیب دے کرپیش کیا ہے۔

سائرہ پیٹر ایک تربیت یافتہ سوپرانو اوپرا سنگر ہیں اور ایک ریکارڈ کے مطابق سائرہ کی آواز کا احاطہ پورے ایشیا میں اب تک سب سے وسیع ہے۔ ان دنوں وہ نئے ملی نغمے اور پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں۔ اس کے علاوہ سائرہ برطانیہ کے برٹش میوزیم میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کی تقریب رونمائی میں بھی پرفام کرچکی ہیں۔

سائرہ پیٹر کی دنیا کی مختلف اقوام کو اپنے صوفیانہ کلام کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے برطانیہ کی ایسٹ ایسکس کاؤنٹی نے دیگر ممالک کے افراد کو برطانوی شہریت دینے کی تقریب کے لیے سائرہ پیٹر کی آواز میں برطانیہ کا قومی ترانہ "گاڈ سیو دی کوئین" ریکارڈ کروایا ہے۔

کاؤنٹی نے اپنے فیس بک پیج کے لیے سائرہ کی آواز میں برطانوی قومی ترانے کی ایک ویڈیو بھی لگائی ہے، جسے سائرہ نے پاکستان کے مقبول عام لباس شلوار قمیض پہن کر ریکارڈ کروایا ہے۔

سائرہ، شاہ لطیف فاؤنڈیشن بورڈ کی رکن بھی ہیں اور شاہ لطیف ایوارڈ بھی حاصل کرچکی ہیں۔

سائرہ پیٹر سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے بعد دوسری شخصیت ہیں، جنہیں مزار کی 350 سالہ تاریخ میں مزار کے نگرانِ اعلیٰ کے ہاتھوں سے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔