روی شاستری بھی کین ولم سن کے معترف

July 17, 2019

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ فائنل میں پرسکون اور باوقار رویے پر کیوی کپتان کین ولیم سن کی تعریف کی ہے۔

ورلڈ کپ کے سنسنی خیز فائنل میں سپر اوور پر بھی میچ ٹائی ہونے کے بعد انگلینڈ نے زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا، انگلش ٹیم نے مجموعی طور پر 22 چوکے اور 6 چھکے جبکہ نیوزی لینڈ نے 16 باؤنڈریز لگائی تھیں۔

روی شاستری کا ٹوئٹر پیغام میں ولیم سن کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میچ کے دوران آپ کا باوقار اور پرسکون رہنا غیرمعمولی تھا۔

فائنل کے دوران کئی مواقع پر ایسی صورتحال پیدا ہوئی جو نیوزی لینڈ کے لئے بہت مایوس کن تھی، جس میں سب سے نمایاں اوور تھرو پر انگلینڈ کو ملنے والے 6 رنز تھے، اسی اوور تھرو کے نتیجے میں میچ انگلینڈ کے حق میں جانے کے بعد سپر اوور تک چلا گیا تھا۔