طلبہ دو سالہ گریجوایشن ڈگری کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری میں داخلہ لے سکیں گے،یاسر ہمایوں

July 18, 2019

لاہور(خبر نگار) وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ طلبہ دو سالہ گریجوایشن ڈگری کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری میں داخلہ لے سکیں گے۔ایسوسی ایٹ ڈگری میں جاب مارکیٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ طلبہ کم و بیش 30 مضامین میں ڈگریاں حاصل کر سکیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جس وقت ہمیں حکومت ملی توسارا تعلیمی نظام ایڈہاک ازم پہ چل رہا تھا۔ ہم نے 300 کالجز کے مستقل پرنسپلز، تمام جامعات کے وائس چانسلرز، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور تعلیمی بورڈز کے چیئر مین میرٹ پر لگائے ہیں۔ کالج اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹرانسفر سسٹم کو آن لائن کر رہے ہیں اب اساتذہ کو دفتروں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام سرکاری جامعات کے لئے یکساں چارٹر ہو گا جبکہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیز کے اقدامات کی مانیٹرنگ کرے گا۔