غیرقانونی کان کنی روکنے بارےصوبائی وزیر معدنیات سے وزیرقانون کی ملاقات

July 18, 2019

پشاور ( نیوزڈیسک) خیبرپختونخوا میں غیرقانونی کان کنی روکنے کے حوالے سے صوبائی وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی سے وزیرقانون سلطان محمد نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں وزراء نے مجوزہ خیبرپختونخوا مائیننگ ایکٹ میں ترمیم میں غیرقانونی کان کنی کی روک تھام کے بارے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ترمیمی ایکٹ میں تمام ان حامیوں کو دور کیا گیا ہے جو معدنی وسائل سے فائدہ لینے کی راہ میں رکاوٹ بن رہے تھے۔ غیرقانونی طور پر کان کنی ایک دیرینہ مسئلہ ہے، جس کی جانب اس سے پہلے توجہ نہیں دی گئی تھی، لیکن اب مائیننگ ایکٹ میں ترمیم سے اس مسئلے پر قابو پاسکیں گے۔ اس مد میں صوبہ کو خاطر خواہ آمدنی بھی ملے گی، اور روزگار کے نئے مواقع بھی دستیاب ہو جائینگے۔ صوبائی وزیر قانون سلطان محمدنے محکمہ معدنیات کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت کم وقت میں مجوزہ ترمیمی ڈرافٹ تیار کیا گیا، جو کارکردگی کی اعلیٰ مثال ہے۔ جب کہ امید ہے کہ رواں مہینے یہ صوبائی کابینہ سے بھی پاس ہو جائے گا۔