نظریہ پاکستان کیلئے یوم اقبال کی تعطیل بحال کی جائے، مقررین

July 19, 2019

مانچسٹر(پ ر)مصور پاکستان حکیم الامت علامہ محمداقبالؒ کی برسی کے موقع پر حلقہ ارباب ذوق برطانیہ کے زیر اہتمام تقریب منعقد ہوئی، مہمانان خصوصی کونسلر عابد لطیف چوہان لارڈ میئر آف مانچسٹراور فضا نیازی ویلفیئر اتاشی پاکستان قونصلیٹ نے علامہ اقبالؒ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور نئی نسل کو نظریہء پاکستان سے متعارف کرانے پر زور دیا۔ سامعین کی طرف سے حلقہ ارباب ذوق کے چیر پرسن محمدانور نے شکوہ کیا کہ پاکستان میں گزشتہ کم فہم حکومتوںنے یوم اقبالؒ کے حوالے سے سرکاری تعطیل منسوخ کر دی۔جنرل سیکریٹری روبینہ خان نے کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے بھی بوجوہ یہ تعطیل بحال نہیں کی۔ کلچر سیکرٹری فردوس شاہ نے کہا اس قسم کے ماحول میں نوجوانوں کو فکر اقبالؒ سے کیسے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ مہمان مقرر میاں محمد ارشد نے اپنے مقالے میں کہا کہ موجودہ حکومت مدینہ کی فلاحی ریاست کے حوالے تودیتی ہے لیکن علامہ اقبالؒ جنہوں نے نظریہ پاکستان کی اساس ریاست مدینہ کے ماڈل پر رکھی،ان کے پیام کو پس پشت ڈال رہی ہے۔نظریہء پاکستان کی بقا کے لئے حکومت کو چاہئے کہ اقبالؒ ڈے اور جناح ؒ ڈے کوورکنگ ہالیڈے قرار دے کر ریاست پاکستان کے تشخض کو اجاگر کرے ۔اس موقع پرراجہ فاروق (ہالینڈ) ، ڈاکٹر یونس پرواز،محبوب الٰہی بٹ،ڈاکٹر شہناز سومجی نے خطاب کیا۔علاوہ ازیں باصر کاظمی، نغمانہ کنول، محمد اظہر ،شارق خان، ڈاکٹر ثاقب ننکانوی ،لیاقت علی عہد، مخدوم سید امام، ڈاکٹرناہید کیانی،طاہر حفیظ ،جاوید ضمیر،عالم پنوار، سعید شیخ، ڈاکٹر طاہر جاوید،خواجہ عرفان الٰہی، بیگم عرفان خواجہ، ڈاکٹر مسعودہ قریشی،سید اظہر، گلنار سید جے پی، عنبرین گل،راجہ محمد افضل،ابراہیم راجہ، فرزانہ افضل ، مقدسہ بانو ، محمد صفدر بلوچ ودیگرممتاز شخصیات نے یوم اقبالؒ میں بھرپور شرکت کی۔