پاکستان نژاد برطانوی گلوکارہ سائرہ پیٹر نے اپنی آواز میں قلندری دھمال ریلیز کردی

July 19, 2019

لندن( جنگ نیوز ) پاکستان نژاد برطانیہ کی پہلی صُوفی اوپرا گلوکارہ سائرہ پیٹر نے اپنی آواز میں قلندری دھمال ریلیز کردی۔ دھمال کی وڈیو میں لندن کی گلوکاراؤں نے بھی حصہ لیا۔سائرہ پیٹر کی دھمال نے سوشل میڈیا پر دُھوم مچادی۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ قلندری دھمال کا جادو کئی برسوں سے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ اسی لیے میں نے دھمال کونئے انداز اورانگریز گلوکاروں کے ساتھ گانے کا تجربہ کیا۔ میں اپنے جذبات، خیالات، محسوسات،تجربات اور مشاہدات کو گیتوں کا روپ دے کر صُوفیانہ اور عارفانہ کلام کو دنیا کے مختلف ممالک میں عام کررہی ہوں ۔ ٹیلی ویژن، اخبارات، ریڈیو اور سوشل میڈیا نے میرے پیغام اور فن کو آگے پہچانے میں مدد دی۔ میرا مشن ایک طرف تو میری پاکستانی اقدار ہیں، جن میں امن، یگانگت اور محبت کے پیغام کو صُوفیانہ کلام کے ذریعے پُوری دُنیا میں پھیلانا ہے اوردوسری طرف میری برطانوی اقدار ہیں، جن میں مختلف ثقافتوں اور دنیا کی مختلف کمیونیٹیز کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کی کوشش کو فروغ دینا ہے۔واضح رہے کہ سائرہ پیٹر نے برِصغیر کے صُوفیانہ کلام خصوصا سندھ کے صُوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری کا انگریزی میں ترجمہ کرکے اسے مغربی اوپرا کلاسیکل موسیقی کے ساتھ ترتیب دے کرپیش کیا ہے۔ سائرہ پیٹر ایک تربیت یافتہ سوپارنو اوپرا سنگر ہیں اور ایک ریکارڈ کے مطابق سائرہ کی آواز کا احاطہ پورے ایشیا میں ابھی تک سب سے وسیع ہے۔ ان دنوں وہ نئے ملی نغمے اور پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پربرطانیہ میں موجود پاکستان ہائی کمیشن میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں۔ اس کے علاوہ سائرہ نے برطانیہ کے برٹش میوزیم میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کی تقریب رونمائی میں بھی پرفام کرچکی ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں سائرہ پیٹر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوچکا ہے کہ ان کی دنیا کی مختلف اقوام کو اپنے صوفیانہ کلام کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے برطانیہ کی ایسٹ ایسکز کاؤنٹی نے دیگر ممالک کے افراد کو برطانوی شہریت دینے کی تقریب کے لیے سائرہ پیٹر کی آواز میں برطانیہ کا قومی ترانہ "گاڈ سیو دی کوئین" ریکارڈ کروایا ہے۔کاونٹی نے اپنے فیس بک پیج کے لیے سائرہ کی آواز میں برطانوی قومی ترانے کی ایک ویڈیو بھی لگائی ہے جسے سائرہ نے پاکستان کے مقبول عام لباس شلوار قمیض پہن کر ریکارڈ کروایا ہے۔ سائرہ، شاہ لطیف فاونڈیشن بورڈ کی رکن بھی ہیں اور شاہ لطیف ایوارڈ بھی حاصل کرچکی ہیں۔ سائرہ پیٹر سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے بعد وہ دوسری شخصیت ہیں، جنہیں مزار کی 350 سالہ تاریخ میں مزار کے نگران اعلیٰ کے ہاتھوں سے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔