شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا، اورکزئی میں گھر کے برآمدے کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق

July 19, 2019

اورکزئی،پشاور ( آن لائن +مانیٹرنگ ڈیسک) لوئر اورکزئی کے علاقہ لیڑہ میں شادی والے گھر میں برآمدے کی چھت گرنے سے8افراد جاں بحق 30زخمی ہوگئے شادی والاگھرماتم کدہ بن گیا۔ علاقہ لیڑہ میں شادی کی تقریب میں شریک مہمان بارش سے بچنے کے لئے برآمدے میں چلے گئے تواچانک کچے مکان کی چھت ان پر آگری ،پولیس حکام کو ملنے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارش سے بچنے کیلئے شادی میں شریک خواتین ،بچے اور مرد گھر میں موجود برآمد ے کے اندر چلے گئے اس دوران ان پر چھت آگر۔مقامی پولیس کے مطابق زخمی اور مرنے والوں کو مشتی میلہ اور کلایاہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جاں بحق اور زخمیوں میں زیادہ تعداد خواتین اوربچوں کی ہے۔اورکزئی کے مقامی اسکائوٹس اور علاقہ کے عوام امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔مقامی ذرائع کی طرف سے واقعے میں زخمیوں کی تعداد 30سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔مقامی انتظامیہ نے مشتی میلہ اور کلایا اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔یاد رہے رواں سال اپریل میں پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں بھی شادی کا گھر اس وقت ماتم کدہ بن گیا جب ایک گھر کی چھت منہدم ہوگئی۔ گھر کی چھت گرنے سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والی تین مہمان بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں۔ چھت گرنے سے دیگر پانچ افراد بھی شدید زخمی ہوگئے۔