فیشن انڈسٹری کے برنارڈ آرنو دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے

July 19, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) اگرچہ مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس کا سحر و طلسم اب بھی باقی ہے لیکن یہ جان کر کئی لوگوں کو حیرانی ہوگی کہ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں وہ اب دوسرے سے تیسرے نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ پہلا نمبر امیزون کے بانی جیف بیزوس کا برقرار ہے لیکن جس شخص نے بل گیٹس سے ان کی دوسری پوزیشن چھین لی وہ فرانسیسی شہری برنارڈ آرنو ہیں۔ ممکن ہے کہ آپ نے ان کا نام شاید نہ سنا ہو لیکن برنارڈ معروف فیشن انڈسٹری لوئی ویٹوں (Louis Vuitton) کے چیئرمین ہیں۔ یہ کمپنی لگژری آئٹمز بناتی ہے اور اس کی مجموعی مالیت 107.6؍ ارب ڈالرز ہے، گزشتہ سال کمپنی نے اپنے مجموعی اثاثوں میں 39؍ ارب ڈالرز کا اضافہ کیا تھا۔ بلومبرگ کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کسی بھی شخص کی جانب سے اپنے اثاثوں میں کیا جانے والا یہ سب سے بڑا انفرادی اضافہ ہے۔ بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت اب 107؍ ارب ڈالرز ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ اگر بل گیٹس نے اپنے اثاثوں کا ایک بہت بڑا حصہ خیراتی سرگرمیوں کیلئے وقف نہ کیا ہوتا تو وہ اب بھی دنیا کے امیر ترین شخص ہوتے۔ انہوں نے امدادی ادارے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کو 35؍ ارب ڈالرز کا عطیہ دیا ہے۔ اسی دوران جیف بیزوس کے اثاثوں کی مالیت 125؍ ارب ڈالرز ہے حالانکہ انہوں نے اپنی بیگم کو طلاق کے بعد اپنی دولت میں سے ایک بڑا حصہ ہرجانے کی صورت میں دیا تھا لیکن اس کے باوجود وہ امیر ترین افراد کی فہرست میں اول نمبر پر ہیں۔ برنارڈ آرنو اس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز بنے جب انہوں نے فرانس میں آتشزدگی کی وجہ سے تباہ ہونے والے قدیم ترین چرچ نوٹرے ڈیم کی از سر نو بحالی و تعمیر کیلئے 224؍ ملین ڈالرز کا عطیہ دیا۔