سابق آرمی چیف کی فیملی کے بارے میں سوشل میڈیا پر گمراہ کن پوسٹ کرنیوالے کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

July 19, 2019

لاہور ( نمائندہ جنگ ) سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ نےفیس بک پر سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) اشفاق پرویز کیانی کی فیملی سے متعلق گمراہ کن تصاویر اپ لوڈ کرکےبدنام کرنیوالے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو کے روبرو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے درخواست دائر کی کہ 26 جولائی 2018 کو سوشل میڈیا پر امریکی فوجی کیساتھ چند لڑکیوں کی تصاویر وائرل ہونے کی رپورٹ ملی، مذکورہ تصاویر صدیق احمد بٹ نامی اکائونٹ سے اپ لوڈ کی گئیں۔ پوسٹ میں سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی بیٹی کی شادی امریکی فوجی سے ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ ٹیکنیکل تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں ۔ملزم سپر ٹائون ڈیفنس لاہور کا رہائشی ہے،ملزم نے ایف آئی اے میں پیشی کے دوران مذکورہ تصاویر کو اپ لوڈ کرنے کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس نے لاپروائی اور غلطی سے مذکورہ تصاویر کو سابق آرمی چیف کے خاندان سے منسوب کیا۔ملزم کے قبضہ سے تمام ڈیجیٹل میڈیا برآمد کر لیا گیا ہے۔ملزم صدیق بٹ کیخلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 155 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے​۔