میونسپل کارپوریشن کے پنشنر رواں ماہ کی پنشن نہ ملنے پر پریشان

July 19, 2019

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے دو ہزار سے زائد پنشنروں نے رواں ماہ کی پنشن نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ کمشنر راولپنڈی صورتحال کا نوٹس لیں، پنشنروں کی ایکشن کمیٹی کے صدر طاہر خان، جنرل سیکرٹری محمد اعظم اور جوائنٹ سیکرٹری غلام شبیر کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں سابق ملازمین کا تمام تر دارومدار اسی پنشن پر ہوتا ہے اس کے علاوہ اکثر ریٹائرڈ ملازم بیمار ہیں، کئی نے پنشن کی رقم سے ہی کرایہ ادا کرنا اور بچوں کی فیس دینا ہوتی ہے ۔ ان کے مطابق دفتر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فنڈز ٹرانسفر کا کیس کمشنر راولپنڈی کے پاس ہے ان کی منظوری کے بعد ہی پنشن ادا ہو پائے گی۔