پشتونخواوطن کی ترقی وخوشحالی کے لیے ہرقربانی دینے تیار ہیں،اے این پی

July 19, 2019

کوئٹہ( آئی این پی )اے این پی کے رہنمائوں نے کہاہے کہ پارٹی نے وطن محافظ جماعت کی حیثیت سے بے شمار قربانیاں دی ہیں ،رہنمائوں سے لیکر عام کارکن تک نے پشتونخوا وطن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے آج بھی پارٹی کے اکابر وکارکن پشتونخوا وطن کی آبادی اور خوشحالی کیلئے ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں ،ملی مشر اسفندیار ولی خان کی مدبرانہ سوچ وفکر ہی پشتونوں کے مسائل کاواحد حل ہے ۔ان خیالات کااظہار اے این پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی نذر علی پیر علی زئی ،عین الدین ترین ،ثناء اللہ کاکڑ،سید یاسین آغا، اخلاق بازئی ،ندیم کاسی ،عبدالعزیز کاکڑ،احسان اللہ بازئی ،ملک نوید کاسی ،نور علی بازئی ،محمد ابراہیم شبی خیل اور عنایت بازئی نے کلی علی محمد ،کلی محراب زئی ،کلی رندوزئی اغبرگ ،کلی شبی خیل ،لیبر کالونی ،شہید عسکر خان یونٹ نواں کلی ،محلہ نیچاری ،کلی کبیر یونٹ کے دوروں کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مقررین نے کہاکہ 3جولائی کاکنونشن موجودہ سیاسی ماحول میں ساز گار ثابت ہوگا، پشتونوں کی معاشرتی تکالیف کو دور کرکے دورس اثرات مرتب کریگی ،انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ محکوم ومظلوم عوام کیلئے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی بلند کرتی رہے گی۔