عباس پورہ میں بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی جلد مکمل کرنے کا حکم

July 19, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا راؤ محمد قاسم نے کہا ہے کہ تمام سیوریج ڈویژن اپنی اپنی حدود میں نکاسی آب سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ رسپانس ٹائم کو مزید بہتر کریں، شکایات کو دور کرنے میں تاخیر اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے الجیلان روڈ، کھار پور نزد بستی جام پور ، شریف پورہ ،منظور آباد اور عباس پورہ کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا، الجیلان روڈ پر مسئلے کے حوالے سے بتایا گیا کہ 18انچ سائز کی سیوریج لائن پر2کراؤن فیلیئر ہوئے تھے جن کی مرمت کا کام مکمل کرکے لائن کو آپریشنل کردیا گیا ہے ، کھار پور نزد بستی جام پور میں 30 انچ سائز کی لائن پر رونما ہونے والے کراؤن فیلیئر پر عارضی ریلیف کے لئے نصب پمپ کو بلاتعطل چلانے کی ہدایت کی جبکہ عباس پورہ میں بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کا عمل بھی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ، دریں اثنا منظورآباد اور شریف پورہ کے علاقوں میں سیوریج لائنوں سے سالڈ ویسٹ کی بڑی مقداربرآمد ہوئی ہے،ایم ڈی واسا نےشریف پورہ میں سیوریج لائنوں کی صفائی کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔