سینئرز پر قرض ہے علم و تجربہ نوجوانوں تک منتقل کریں: جسٹس سردار احمد نعیم

July 19, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بنچ کے جسٹس سردار احمد نعیم نے کہا ہے کہ سینئرز پر قرض ہے کہ اپنےعلم و تجربہ کو نوجوانوں تک منتقل کریں، انہیں پڑھنے سے زیادہ سیکھنے کا شوق ہے کیونکہ انٹرنیٹ سے بھی وہ چیز نہیں ملتی ہے جو سینئرز کے پاس بیٹھنے سے سیکھتے ہیں جبکہ نوجوان وکلاکے لئے کچھ نہیں کیا گیا ہے اس لئے ان کیلئے کچھ کرنے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ملتان اولیاء اللہ کی زمین ہے اور یہاں سے ہر کوئی فیوض و برکات حاصل کر کے ہی جاتا ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان سہیل اکرام نے کہا کہ ملتان کے وکلا کیساتھ مل کر انصاف کی بہترین فراہمی کے لئے کام کیا جا رہا ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا، جج بینکنگ عدالت ملتان صفدر سلیم شاہد اور جج لیبر عدالت ملتان طارق محمود باجوہ نے تقریب منعقد کرنے پر بار کا شکریہ ادا کیا، صدر ڈسٹرکٹ بار محمد ناظم خان نے کہا کہ ملتان کے وکلا کو عدلیہ میں مناسب نمائندگی حاصل نہیں اس لئے ملتان کے وکلاء کو نئی تعیناتیوں میں مناسب نمائندگی دی جائے اور ملتان کے وکلاء کے کچہری توسیع و تعمیر سمیت دیگر مسائل بھی فوری حل کئے جائیں، تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ، سینئر ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ شیخ محمد اکرم اور جنرل سیکرٹری بار ارشد وقاص چھجڑا ، ججز، لاء افسران اور وکلا نے شرکت کی ہے۔