ملازمین کو معیاری حفاظتی آلات فراہم کئے جائینگے، سید ظفر علی شاہ

July 19, 2019

پشاور(خصوصی نامہ نگار ) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ صفائی، نکاسی اور فراہمی آب کے شعبوں کے ملازمین کو معیاری حفاظتی آلات فراہم کئے جائیں گے اس مقصد کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ، فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کی صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ سکریننگ اور ویکسی نیشن شروع کی گئی ہے اگر اس دوران کسی ملازم میں بیماری تشخیص ہوتی ہے تو ان کے علاج کا بندوبست کیا گیا ہے۔ عملہ صفائی کی استعداد کار بڑھانے کے جاری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کا مقصد شہری خدمات کی فراہمی مزید بہتر بنانا ہے تربیت سے عملے کی کارکردگی بڑھے گی جبکہ وسائل کی بچت بھی ہوگی۔ انہوں نے عملہ صفائی کو ہدایت کی کہ تربیتی سیشن سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اسے صارفین تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ غلط کام بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا اگر سپروائزری عملے میں سے کوئی غلط مطالبات کرے تو اسے فوری طور کمپنی انتظامیہ کے علم میں لایا جائے، پورے اخلاص کے ساتھ ڈیوٹی اوقات پوری کریں تاکہ صارفین کو صاف ستھرا ماحول میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ عیدین پر فرائض انجام دینے والے عملے کو ایک اضافی بنیادی تنخواہ دینے کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو سفارش کی جائے گی۔