حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے‘ وزیر مال

July 19, 2019

پشاور ( نیوزڈیسک )خیبرپختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور تمام دستیاب وسائل کو عوام کی فلاح و ترقی پربہتر طریقے سے استعمال میں لا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ پی کے 18 میں عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر شکیل احمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وہ واحد نمائندہ جماعت ہے جس کے پاس عوامی مسائل کا حل موجود ہے اور اس سلسلے میں اقدامات اٹھا رہی ہے ماضی کے حکمرانوں نے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کرکے صرف اپنا بیلنس بنا یا اور ملک کا پیسہ بیرون ممالک کو باہر منی لانڈرنگ کے ذریعے بھیجا جس کی وجہ سے ملکی معیشت اور ملکی خزانہ خالی کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ دس سالوں میں دو سیاسی جماعتوں نے 30 ہزار ڈالر قرضہ لیا اور ملک کو مقروض کیا گیا لیکن پارٹی چیئرمین اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس ملک کو پھر سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے اسلامی ریاست اور ترقی یافتہ ملک بنا کر دم لیں گے۔