کھلی کچہریوں سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی ٗظہور بابر آفریدی

July 19, 2019

پشاور( کرائم رپورٹر ) سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پشاور نے کہاہے کہ پشاور پولیس نے عوامی مسائل سے آگاہی کے لئے رابطہ مہم کا آغاز کرتے ہوئے تھانوں میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گئی گزشتہ روز تھانہ متھرا میں کھلی کچہری کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے ان کا کہناتھا کہ عوام کے جان و مال کی حٖفاظت کی خاطر شہر کے نواحی علاقوں میں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشننز کر رہی ہے جس کی وجہ سے شہر کے نواحی علاقوں میں جرائم میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے، انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس نے عوامی مسائل سے آگاہ ہونے کی خاطر عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت وقتا فوقتا مختلف تھانوں میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ معاشرے سے جرائم کی سرکوبی اور سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے جس میں عوامی نمائندے اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد پولیس کا ساتھ دے کر ایک مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔کھلی کچہری کے آخر میں سول سوسائٹی ، منتخب عوامی نمائندوں ، پی ایل سی ممبران اورعلاقہ عمائدین سمیت دیگر شرکاء نے جرائم کی سرکوبی اور معاشرتی برائیوں کے خاتمہ میں پولیس کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے قانون کی بالادستی کی خاطر پولیس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔