ٹوٹ بٹوٹ کی آپا

July 20, 2019

صوفی غلام مصطفٰے تبسم

اِک ننھی منّی لڑکی ہے

وہ اپنے گھر میں رہتی ہے

گھر والے اس سے ڈرتے ہیں

وہ ہر اک سے یہ کہتی ہے

سُن لو میں بے بی پاپا ہوں

میں ٹوٹ بٹوٹ کی آپا ہوں

ظاہر میں ’’آکا باکا‘‘ ہے

لیکن وہ بڑی لڑاکا ہے

کچھ کہو تو فوراً لڑتی ہے

لڑتی ہے اور رو پڑتی ہے

یہ کہہ کر شور مچاتی ہے

سُن لو میں بے بی پاپا ہوں

میں ٹوٹ بٹوٹ کی آپا ہوں

اُس کی ہر بات انوکھی ہے

اُس کے سب ڈھنگ نرالے ہیں

بلّی بھی اُس نے پالی ہے

چوہے بھی اُس نے پالے ہیں

جب آپس میں وہ لڑتے ہیں

یہ کہہ کر انہیں ڈراتی ہے

سُن لو میں بے بی پاپا ہوں

میں ٹوٹ بٹوٹ کی آپا ہوں