وائس ڈبنگ کے دوران شاہ رُخ خان کو کیوں ٹوکا گیا؟

July 20, 2019

کنگ خان کے نام سے مشہور بالی ووڈ انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’دی لائن کنگ‘ کی وائس ڈبنگ کے دوران اُنہیں بار بار یہ کہہ کر روکا گیا کہ وہ بالکل اپنے بیٹے آریان کی آوز میں بول رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رُخ خان نے ایک انٹرویو کے دوران ہالی ووڈ اینی میٹڈ فلم ’دی لائن کنگ‘ کی وائس ڈبنگ کے دوران اپنے بیٹے آریان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’مفاسا‘ کا کردار اور اُن کا بیٹا آریان ’سمبا‘ کے کردار کی وائس ڈبنگ کر رہے تھے، اس دوران فلم پر کام کرنے والے سب ہی ’وائس ڈبنگ ایکسپرٹ‘ موجود تھے، اُن سب کا کہنا تھا کہ میں اپنے بیٹے آریان کی آواز میں بول رہا ہوں اور اس بات پر مجھے بار بار ٹوکا بھی گیا۔

اُنہوںنے کہا کہ مجھے ایک ہی سین کو کئی بار ڈب کرانا پڑاتب جا کر وائس ڈبنگ ڈائریکٹر نے اُس سین کو اوکے کیا۔

فلم ’زیرو‘ کے ہیرو شاہ رُخ خان نے کہا کہ ایک والد ہونے کے ناتے یہ میرے لیے بہت خوبصورت احساس تھا کہ میری اور میرے بیٹے کی آواز میں اس قدر مماثلت ہے، وائس ڈبنگ کا تجربہ بہترین اور بہت خوبصورت رہا کیوں کہ میری فیملی میرا کام جانتی ہے مگر یہ پہلی بار تھا کہ میں نے اپنے بیٹے کے ساتھ پیشہ ورانہ وقت گُزارا اور ایک پروجیکٹ پر ساتھ کام کیا، اس پروجیکٹ سے ہمارے رشتے میں اور پختگی آئی ہے۔

شاہ رُخ خان نے اپنے بیٹے آریان کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ 9 سال کا تھا تو بہت خوبصورت آواز میں بات کرتا تھا اور آج اس کی آواز مزید خوبصورت ہو گئی ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


واضح رہے کہ ہالی ووڈ فلم ’دی لائن کنگ‘ رواں ماہ 9 جولائی کو امریکا میں ریلیز کی گئی جبکہ بھارت میں ہندی، انگلش، تامل اور تیلگو زبانوں میں کل یعنی 19 جولائی کو ریلیز کی گئی ہے۔