’’شہر پر چوروں کا راج‘‘ قانون کی حکم رانی کہیں نظر نہیں آتی

July 21, 2019

یوں تو سندھ کے صوبے میں قانون کی حکم رانی نہ ہونے کے باعث چھوٹے بڑے جرائم عام ہیں لیکن عیدالفطر اور عیدالاضحی کا تہوار قریب آتے ہی ان میں اضافہ ہوجاتا ہے، خاص کر ہنگورجہ میں صورت حال خاصی دگرگوں ہوجاتی ہے۔رانی پور سے تقریباً 14کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ شہر تحصیل صوبھو ڈیرو، ضلع خیر پور کی یونین کونسل ہے۔یہاں حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔کچھ عرصے قبل ہنگورجہ سے سکھر جانے والی مسافر گاڑیوں سے 8سے زائد مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی اور لاکھوں روپے نقد اور قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہوگئے۔جب کہ پولیس کو بر وقت اطلاع دینے کے باوجود بھی وہ 2گھنٹے تاخیر سے جائے واردات پر پہنچی اس وقت تک ڈاکو فرار ہوچکے تھے۔ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ علاقے کے لوگوں میں عدم تحفظ کا شدید احساس اجاگر ہورہا ہے۔ سورج غروب ہوتے ہی شہر کی سڑکیں و گلیاں سنسان ہوجاتی ہیں جب کہ کے مختلف علاقوں میں ڈکیت گروہ سڑکوں پر نکل آتے ہیں اور وہاں سے گزرنے والے لوگوں سےچھینا جھپٹی کرتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق عیدالفطر اور عیدالاضحی کے قریب آتے ہی ہنگورجہ میں راہ زنی، لوٹ مار، چوری ، نقب زنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ مختلف علاقوں سے موصو ل ہونے والی اطلاعات کے مطابق، چند روز قبل نامعلوم چور ہنگورجہ تھانے کی نرسری پولیس پکٹ کے سامنے واقع سگریٹ کے کیبن کا تالا توڑ کر نقد رقم، سگریٹ اور جوس کے پیکٹس چوری کرکے فرار ہوگئے۔ رسول آباد کے گائوں سموں چنو میں نامعلوم چور اعجاز چنا کے گھر میں نقب زئی کرکے سات تولہ طلائی زیورات، دو لاکھ پچاس ہزار روپے نقد اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔ خیرپور جنرل پوسٹ آفس کے سامنے ہنگورجہ کے رہائشی فیاض سولنگی کی موٹر سائیکل چوری کرکے فرارہوگئے ۔ علی ڈنو سہتو کے گھر نامعلوم چور وں نےنقب زئی کرکے نقد رقم اور گھریلو سامان چوری کرلیا۔ رسول آباد میں نامعلوم چور اسکارپ کے ٹیوب ویل کا قیمتی سامان نکال کر کے فرار ہوگئے۔

گزشتہ ایک ماہ سے ہنگورجہ تھانے کی حدود میں بدامنی عروج پر ہے، جس پر پولیس کنٹرول کرنے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی ہنگورجہ میں بدامنی میں اضافہ ہوگیا ہےجس سے شہرو گردو نواح کے علاقوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ ان علاقوں میں ایک ہفتے کے دوران چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہوچکی ہیں لیکن ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہنگورجہ تھانے کی حدود رسول آباد میں گرڈ اسٹیشن کے انچارج محمد نواز چنوں کے گھر سے چور لاکھوں روپے کا قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئےدوسری واردات میں ہنگورجہ نیشنل ہائی وے کے قریب بشیر سولنگی کے کیبن سے چور ہزاروں روپے مالیت کا سامان چوری کرکے لے گئے۔علاقہ مکینوں کے مطابق ہنگورجہ اور گردونواح کے علاقوں میںاس وقت چوروں کا راج قائم ہے، پولیس دور دور تک نظر نہیں آتی ۔ ہنگورجہ تھانے کی حدود میں واقع علی نواز سہتو کے گھر سے چور لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔

امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے یہ سلسلہ صرف ہنگورجہ تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس سے متصل ، سگیوں کے نزدیک ونگ شاخ کے مقام پر نامعلوم چور امان اللہ چنوں کا ٹریکٹرچوری کرکے لے گئے۔ ہنگورجہ کے سماجی رہنما عبدالسلام میمن نے علاقے میں امن و امان کی مخدوش صورت حا پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ امن کی بحالی کے لئے پولیس کو فعال کیا جائے اور ہنگورجہ اور اس کے ساتھ ملنے والے اہم سڑکوں پر پولیس چوکیاں قائم کی جائیں ۔