وزیراعظم نے مجھے سندھ کیلئے اسپیشل ٹاسک دیا ہے، گورنر سندھ

July 20, 2019

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مجھے سندھ کے لیے اسپیشل ٹاسک دیا ہے، صوبے میں تبدیلی کی لہر اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا لوگ محسوس کریں گے۔

حیدر آباد اور ٹنڈو محمد خان میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر راج میرے کارڈز پر کبھی نہ تھا، وزیر اعظم اپنے دورہ کراچی میں پہلے ہی وضاحت کرچکے ہیں۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


انہوں نے کہا کہ گورنر راج کی بات ان تک آفیشلی نہیں پہنچی، سندھ کےعوام کیلئے بلاتفریق کام کرنا چاہتا ہوں۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ صوبے میں گورنر راج لگانے کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی وفاقی حکومت اس پر یقین رکھتی ہے، وقت بتائے گا کہ چیئرمین سینیٹ کون ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے دورہ کراچی میں واضح کیا تھا کہ ان کے پاس گورنر راج کا کوئی تصور نہیں، سیاست میں جس کے پاس اکثریت ہوتی ہے، وہ آئینی تبدیلی لاسکتا ہے۔

گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ پانی کے معاملے پر وزیراعظم کے پاس سندھ کا مقدمہ لے کر جائیں گے کیونکہ دریائے سندھ میں پانی ہونے کے باوجود بعض علاقوں میں نہیں پہنچ پاتا۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی یونیورسٹی کا معاہدہ ملک ریاض سے ہوگیا ہے، جس پر جلد عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔