روس کا کرکٹ سے متعلق حیران کن فیصلہ

July 20, 2019

روس کی وزارت کھیل نے باضابطہ طور پر کرکٹ کو کھیل تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

فٹبال کے بعد دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے کھیل کرکٹ کے حوالے سے روس کے رویے نے سب کو حیران کردیا ہے۔

دی ماسکو ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت کھیل کے میمو کے مطابق روس نے کرکٹ کو کھیل کے طور پر تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق روس کا کرکٹکو کھیل تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ انگلینڈ میں کرکٹ ورلڈکپ 2019ء کے فائنل کے اگلے روز یعنی 15جولائی کو سامنے آیا ہے۔

روسی خبر رساں ادارے ٹی اے ایس ایس نے ماسکو کرکٹ اسپورٹس فیڈریشن کے رکن الیگزینڈر سروکن سے بات چیت کی۔

الیگزینڈرسروکن نے دعویٰ کیا کہ یہ انکار کھیلوں کے رجسٹر میں اندراج کے لیے بنائی گئی ایپلی کیشن میں موجود غلطی کی وجہ سے ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے کافی پرامید تھے مگر اب ان کی فیڈریشن اگلے سال دوبارہ کرکٹ کو رجسٹر میں درج کرنے کی درخواست کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق روسی وزارت کھیل کی آفیشل فہرست میں کرکٹ کا اندارج نہ ہونے کا یہ مطلب روس میں کرکٹ پر پابندی نہیں ہے،اس انکار کے بعد کرکٹ کو کھیلوں کی وزارت کی جانب سے امداد نہیں مل سکے گی۔

وزارت کھیل نے 15جولائی کے فیصلے میں تھائی باکسنگ کو بھی باضابطہ طور پر کھیل ماننے سے انکار کیا ہے ۔