ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی

July 20, 2019

ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ اسپورٹس فزیک چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ، ایک سلور اور دو برانز میڈل حاصل کرلئے۔

نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں ہونے والی بارہویں ساؤتھ ایشین چیمپئن شپ کی مختلف کیٹگریز میں ایشیا کی مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔

چیمپئن شپ کے تیسرے اور آخری روز چیمپئن شپ میں پاکستان کے عثمان عمر نے ماڈل فزیک میں گولڈ میڈل، محمد سعید نے 80 کے جی میں سلور میڈل، فضل الہٰی اور فہیم عباس نے برانز میڈل حاصل کئے۔

ٹیم آفیشلز میں سہیل انوار چیئرمین، شیخ فاروق صدر جبکہ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے نائب صدر ارمغان مقیم ٹیم کے منیجر تھے۔

ایونٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں فضل الہٰی کراچی، محمد سید کوئٹہ، فہیم عباس اور عثمان عمر لاہور سے، ان کے علاوہ فہد الہٰی اور قادر بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔

ارمغان مقیم نے جنگ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس میں میڈل لینے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے چیمپئن شپ میں شرکت کے حوالے سے ہماری کوئی مدد نہیں کی، ہم نے یہ تمام کامیاں اپنی مدد آپ حاصل کی ہیں،حکومت اور دیگر اداروں کو کھیلوں کی سرپرستی کرنا ہوگی اگر کھیلوں کو نظر انداز کیا گیا تو پاکستان عالمی دنیا میں کوئی میڈل حاصل نہیں کرسکے گا۔

ارمغان مقیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ماضی کے بڑے اسپورٹس مین رہے ہیں، انہیں چاہئے کہ ملک کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی کریں تاکہ ملک کا نام دنیا میں روشن ہو۔