بھتہ خور اور ڈاکوئوں سمیت7 ملزمان گرفتار،اسلحہ، لوٹی ہوئی رقم برآمد

July 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا،تفصیلات کے مطابق بریگیڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہو ئے ملزم سعد سلیم عرف کے کے کو ساتھی سمیت بھتہ لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے دستی بم ،پستول ،موبائل فون اور سم برآمد کرلی ،پولیس نے بتایا کہ ملزمان کئی روز سے جمشید روڈ کے رہائشی تاجر اشفاق سے 5لاکھ روپے بھتہ طلب کر رہے تھے ،جس پر اشفاق نے ملزمان کے خلاف جمشید کوارٹر تھانے میں مقدمہ بھی درج کروایا تھا ، ملزم سعد کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، سکھن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہو ئے بھینس کالونی روڈ نمبر 8سے 3ملزمان ندیم ،جنسار،مہدی حسن میرانی کو گرفتار کر کے اسلحہ موٹر سائیکل 10موبائل فون ،47لاکھ روپے نقد برآمد کر لیے ،ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزمان نے 10جون کو شاہ لطیف ٹائون کے علاقے ظفر ٹائون کے قریب نیشنل ہائی وے سے ایزی لوڈ فرنچائز کے مالک سے 88لاکھ روپے چھینے تھے جو وہ بینک میں جمع کروانے جارہا تھا ، واردات میں 7ملزمان نے حصہ لیا تھا ، گینگ کے 4ملزمان فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے ملزمان کراچی میں واردات کرکے حیدرآباد چلے جاتے تھے، رینجرزنے سعود آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے2ملزمان محمد اسلم عرف لاہوٹی اور احمد خان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔