ورلڈ کپ فائنل میں مجھ سے غلطی ہوئی، دھرما سینا کا اعتراف

July 21, 2019

کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے کمارا دھرما سینا نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔

سری لنکن اخبار دی سنڈے ٹائمز سے گفتگو میں دھرما سینا نے لارڈز کے تاریخی گرائونڈ پر کھیلے گئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ فائنل میں غلط فیصلہ دینے کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ آخری اوور کی چوتھی گیند پر اوور تھر کے 6رنز دینا میری غلطی تھی،مجھے انگلش ٹیم کو 5رنز دینے چاہیے تھے۔

دھرما سینا نے کہا کہ ٹی وی ری پلے دیکھ کر تبصرہ کرنا آسان ہوتا ہے،اب جب میں نے ری پلے دیکھا ہے تو مجھے اپنی غلطی کا احساس ہوا ہے،میں مانتا ہوں کہ میرا فیصلہ درست نہیں تھا۔

سری لنکن امپائر نے ساتھ ہی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ میں ٹی وی ری پلے کی سہولت دستیاب نہیں تھی،میں نے دوسرے امپائر سے بھی بات کی تھی اور وہ فیصلہ دیا جو مجھے درست لگا۔

14جولائی کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ کا سنسنی خیز فائنل کھیلا گیا،پہلے میچ 50،50اوورز میں ٹائی ہوا،اس کے بعد سپر اوورز میں بھی ٹائی رہا۔

گزشتہ روز ورلڈ کپ 2019ء کے فاتح انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا تھا کہ ’لارڈز فائنل کا نتیجہ فیئر نہیں تھا‘۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ یہ تجویز دے چکے ہیں کہ اس سنسنی خیز فائنل کا فاتح دونوں ٹیموں کو قرار دیا جانا چاہیے تھا۔