اراکین کانگریس سے وزیراعظم کے خطاب کی تیاریاں مکمل

July 21, 2019


‎ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی بزنس ٹائیکون طاہر جاوید نے پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انکے امریکی کانگریس اور سینیٹ کے اراکین سے خطاب اور ملاقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

طاہرجاوید امریکہ میں ان چند پاکستانی بااثر شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں، جو کہ امریکی سیاست میں اپنا متحرک کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی بھرپور کاوشوں کے سبب ہی پاکستان کانگریس فاؤنڈیشن، امریکی ایوان نمائندگان میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد طاہر جاوید نے جنگ اور جیو سےخصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ سے خطاب اور ملاقات کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستانی کا کس کی شریک چیئرمین شیلا جیکسن لی جنکا تعلق بھی ہیوسٹن سے ہے، وہ اس ضمن میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

اس طرح اب تک وزیراعظم کے خطاب کے اس پروگرام میں پچاس سے زائد اراکین کانگریس سات سے زائد سینیٹرز شرکت کرنے سے متعلق کنفرمیشن کر چکے ہیں، جبکہ کا کس کی شریک چیئرمین شیلا جیکسن لی کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ اراکین کانگریس اور امریکی سینیٹرز اس پروگرام میں شرکت کریں ۔

یہ پروگرام کپٹل ہل واشنگٹن میں کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دفتر کے قریب واقع ایک ہال میں منعقد کیا جارہا ہے، جس میں امریکی کانگریس میں خارجہ امور کی کمیٹی کے اراکین بھی شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ اتنی بڑی تعداد میں اراکین کانگریس اور سینٹ سے پاکستان کے وزیراعظم خطاب کریں گے۔