حکومتی اقدامات کی غیر مشروط حمایت کرتا ہوں: بلاول

July 23, 2019

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ حکومتی اقدامات کی غیر مشروط طور پر حمایت کرتا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مجھے اپنے وزیر اعظم، ان کی غیر جمہوری سیاست اور مہلک معاشی پالیسیوں پر کئی تحفظات ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ عمران خان نے بیرون ملک جو جلسہ کیا وہ ان کے لیے بطور وزیر اعظم نامناسب تھا کیوں کہ ایک وزیر اعظم کو اپنے ملک کی نمائندگی کرنی چاہیے ناکہ پاکستان تحریک انصاف کی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عظیم تر قومی مفاد میں ہر کسی کو عالمی سطح پر پاکستان کی کوششوں کو سراہنا چاہیے، اسی لیے میں اس سلسلے میں حکومتی اقدامات کی غیر مشروط طور پر حمایت کرتا ہوں۔

چیئرمین پی پی پی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ جب بھی ضروری ہو گا میں تعمیری تنقید کرتا رہوں گا لیکن ہمیشہ سب سے پہلے پاکستان کی حمایت کروں گا۔