پولیس مقابلہ

August 04, 2019

تین ڈاکوگرفتار ، اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد

جرائم کی تاریخ انتہائی قدیم ہے اور کسی بھی معاشرے سےجرائم کا خاتمہ مکمل طور سے تو ممکن نہیں ہے لیکن قوانین کے مکمل طور سے نفاذ اور ان پرعمل درآمد سےان کی شرح میں واضح کمی ضرور ہوسکتی ہے۔ امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنے میں پولیس کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، جس معاشرے میں پولیس اپنے فرائض دیانت دارانہ انداز میں انجام دیتی ہے،وہاں پر جرائم کی وارداتیں خاصی کم ہوتی ہیں۔ اس سائنسی دور میں امن و امان کی فضاء برقراررکھنے کے لئے جدیدسائنسی ایجادات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔، سکھر پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ 3الگ الگ مقابلوں کے دوران، سکھر پولیس کی جانب سے جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب 3 ڈاکوئوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے پستول، مسروقہ موٹر سائیکلیں و دیگر سامان برآمد ہوا ہے، گرفتار ڈاکوئوں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی سکھر، عرفان علی سموں نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، ڈاکوئوں، جرائم پیشہ، سماج دشمن عناصر، روپوش و اشتہاری ملزمان کی 100فیصد گرفتاری یقینی بنانے کے لئے جاری آپریشن تیز کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے جو حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اورکمپیوٹر و موبائل ٹیکناوجی کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مدد لی جارہی ہے۔جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ کسی علاقے میں جرم کی کوئی واردات رونما بھی ہوتی ہے تو پولیس فوری طور پر حرکت میں آکر ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بناتی ہے۔ عرفان علی سموں کے مطابق ، ڈاکوئوں، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، فحاشی وجوئے کے اڈوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ،گزشتہ چند دنوں کے دوران ضلع بھر کے تمام تھانوں کی حدود میں جو کارروائیاں کی گئی ہیں ان میں پولیس کو بڑی حد تک کامیابیاں ملی ہیں، 3الگ الگ پولیس مقابلوں میں تین ڈاکوئوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مذکورہ ڈاکوؤں نےنشتر روڈ سے ملحقہ گلی میں موٹر سائیکل چوری کی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج کیمرے کی نشاندہی پر ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ اس دوران پولیس نے روہڑی کے قریب کندھرا لنک روڈ پر ڈاکوؤں اور پولیس کی مڈبھیڑ ہوگئی، ڈاکوئوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی،جس سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔ اس کی شناخت عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ڈاکو کے قبضے سے پستول، میگزین، مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کے دیگر 2ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ گرفتار ڈاکو چوری، ڈکیتی سمیت دیگر جرائم کی سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جس کا کرمنل ریکارڈ دیگر اضلاع سے بھی منگوایا جارہا ہے۔ دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ آباد کی حدود کنڈو واہن لنک روڈ پر ہوا، پولیس کی گشتی پارٹی پر ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کردی، پولیس نے جوابی فائرنگ، اس دوران ایک ڈاکو جس کی شناخت اللہ ڈنو کے نام سے ہوئی ہے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے پستول، میگزین، گولیاں، مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ گرفتار ڈاکو کے دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لئے پولیس کی جانب سےچھاپے مارے جارہےہیں، جلد انہیں بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔ تیسرا پولیس مقابلہ کچے کے علاقے سے فرار ہونے والے ڈاکوئوں کے ساتھ ہوا۔ جس میں اایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ تھانہ روہڑی کی حدود دریائے سندھ میں بند کھری پولیس چوکی کے نزدیک پولیس مقابلہ ہوا، گرفتار ڈاکو شاہ بیلو کچے سے کشتی میں سوار ہوکر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔انہوں نے بند کے قریب گشت پر مامور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضہ پستول، میگزین گولیاں، مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہیں۔ گرفتار زخمی ڈاکو کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔