منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن

August 04, 2019

بھاری مقدار میں چرس، ہیروئن سمیت دیگر اشیاء برآمد

منشیات ایک ایسا زہر ہے جس سے نوجوان نسل سمیت دیگر لوگ نشہ آور اشیا ءاستعمال کرکے اپنی زندگی کے چراغ کوگل کرتے ہیں۔ منشیات فروش نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے لیے چرس شراب ،گٹکے دیگر نشہ آور اشیا ء کی خرید وفروخت کے کاروبار میں مصروف ہیں تو دوسری طرف سی آئی اے پولیس، ضلعی پولیس، محکمہ ایکسائز اوراینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی لعنت اوراس سے منسلک جرائم کا قلع قمع کرنے کے لیے کارروائیوں کو تیز کردیا ہے ۔محکمہ ایکسائز نوشہرو فیروز کی ٹیم نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر محمد امین ملک کی قیادت میں قومی شاہراہ پر ٹرالر کی تلاشی کے دوران 60 کلو گرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتارکر لیا ۔ ایکسائز پولیس کے مطابق محکمہ ایکسائز نوشہرو فیروز کی ایک ٹیم ای ٹی او محمد امین ملک کی قیادت میں ،دیگر افسران علی گوہر سولنگی، خالد حسین منگی کے ہمراہ رسول آباد چیک پوسٹ پراسنیپ چیکنگ کررہی تھی کہ دس وہیلر ٹرک ٹی کے سی- 213 کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں سے اعلی کوالٹی کی 60 کلو گرام چرس برآمد کرلی اور ڈرائیور سید صبور احمد کو گرفتارکر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔پکڑے جانے والی چرس کی عالمی منڈی میں مالیتکروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ پکڑی جانے والی مذکورہ چرس کوئٹہ سے کراچی لے جائی جا رہی تھی۔ ملزم کوئٹہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ محکمہ ایکسائز نوشہرو فیروز نےچرس اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرک کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران یہ محکمہ ایکسائز سندھ کی دوسری بڑی کارروائی ہے۔کچھ عرصے قبل محکمہ ایکسائز کشمور نے اربوں روپے مالیت کی 336 کلو گرام ہیروئن پکڑی تھی۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمارچاؤلہ نے محکمہ ایکسائز کی کامیاب کارروائیوں پر افسران و اہل کاروں کو مبارک باد دی ہے۔

پولیس و ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران منشیات کے 49 مقدمات درج کئے گئے۔ 50 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 07 گرام ہیروئن03 کلو 940 گرام چرس 02 کلو بھنگ192 بوتلیں وہسکی کی ،430 لیٹرکچی شراب برآمد کرلی۔ گٹکہ کے کاروبار کے خلاف مختلف مقامات پر کارروائی کے دوران 54 مقدمات درج کئے گئے 54 ملزمان گرفتارکرکے ان کے قبضے سےسیکڑوں پیکٹ مضر صحت انڈین گٹکا بھی برآمد کرلیا۔ ایک ٹرک پر چھاپہ مار کر ٹرک سے 48 بوری بھارتی گٹکہ برآمدکرلیا گیا ، دو ملزمان کو تحویل میں لے کر کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا۔