تعلیم و تربیت میں اسمارٹ فون کا مفید استعمال

August 18, 2019

پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میںہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور لاکھوں افراد بشمول طالب علم اس کی اثر پذیری سے متاثر ہو رہے ہیں۔ کلاس روم میں موبائل کے استعمال کی روک تھام آج کے اساتذہ کے لئے چیلنج بنی ہوئی ہے۔ آج کے اساتذہ اور طالب علموں کے لیے یہ آن لائن ایجوکیشن کا ذریعہ ہے تو دوسری جانب کلاس روم بالخصوص امتحانات میں نقل کرنے کا آلہ بھی۔ موبائل کے دانشمندانہ استعمال سے تعلیمی کارکردگی حیران کن حد تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں تدریس کی خدمات انجام دینے والے کین ہالا چار ہزار طلبا کے آن لائن ٹیچر ہیں۔ وہ کلاس روم میں طالب علموں کو تعلیمی ویب سائٹس پر جانے کی اجازت دیتے ہیں۔ ہر طالب علم کے پاس جا کر رہنمائی کرتے اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ طالب علم ایجوکیشنل ویب سائٹس سے دور نہ جائیں۔

اساتذہ اور طالب علموں کیلئے موبائل ایپس

تمام تر موضوعات کے لئے Eduteacher، Mobile Mouse اور Splash Topبہترین ایپس ہیں۔ Audio book انھیں لیکچر ریکارڈ کرنے کی سہولت دیتی ہے جبکہ Drop boxفائل اسٹور کرنے کی فری سروس دیتی ہے۔ Google Earthپوری زمین کا نقشہ کھول دیتا ہے۔ Google Translateترجمے یا مفہوم تک پہنچنے کی تیز رفتار سہولت ہے جبکہ I Movieمیں تعلیمی فلموں کا خزانہ موجود ہے۔ فلیش کارڈز بنانے کے لئے Study Buleبہترین ایپ ہے، World Wikiدنیا سے تعارف کی کھڑکی مہیا کرتی ہے۔ گوگل سرچ کے ذریعے فرسٹ گریڈ سے لے کر16گریڈ تک تعلیمی ایپس کی پوری فہرست حاصل کی جاسکتی ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ سردست تعلیمی نصاب کے حوالے سے مزید معلومات کی جستجو کریں۔ معلومات کے بطن میں اترنے کے لئے Wikipediaسمیت کئی ویب سائٹ موجود ہیں۔

مطلوبہ معلومات پر توجہ دیں

ہمارے ٹیک کڈز کے لئے بھی کھیل کھیل میں تعلیم حاصل کرنے کی انگنت لرننگ ایپس موجود ہیں، تاہم Class Dojo ،Duolingo، Quick Maths، You Tube Kids ،Science360، Cross Word Puzzles ،Flow Free، Spelling Stageاور My Molecularجیسی انتہائی تفریحی کڈز ایجوکیشنل ایپس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ یہ وہ ایپس ہیں جہاں علم سے محبت مکمل رنگوں کے ساتھ موجود ہے، تاہم مطلوبہ گریڈ اور مطلوب معلومات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے صرف اُن معلومات پر دھیان دیں، جو اس وقت ضروری ہیں۔

اسمارٹ فون آپ کا استاد اور ہمنوا

اسمارٹ فون پر معلومات کے حصول کے لئے ذہن میں یہ بات واضح رہے کہ آپ کو کون سی معلومات کس حد تک درکار ہے۔ اپنے موضوع سے متعلق سوشل میڈیا پر روابط کے لئے لنکڈاِن، ٹوئٹر اور فیس بک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو سکتے ہیں، اس لئے اسمارٹ فون استعمال کرتے ہوئے خود کو معلومات کی حد بندی پر قائل کریں اور ہر لمحے اپنے گریڈ اور نصاب کو دیکھتے ہوئے خوب سے خوب تر کے سفر پر نکلیں تبھی اسمارٹ فون آپ کا استاد اور ہمنوا بن سکے گا، وگرنہ آپ علم کی بھول بھلیوں کی اس بند گلی کی طرف چلے جائیں گے جہاں سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہوتا۔ ایک زمانہ تھا کہ جب ہم کتابوں کی کم یابی پر دکھی تھے اور اب یہ دور آ گیا ہے کہ ہزاروں کتابوں کی معلومات کا بوجھ ہمارے سروں پر ہر وقت منڈلاتا ہے۔ اب ایک ہی موضوع پر ہزاروں کتابیں دستیاب ہیں، اس سے بچنے کا بہترین نسخہ یہ ہے کہ خود کو موضوع سے وابستہ معلومات تک محدود رکھیں۔

نصابی کتابیں ڈاؤن لوڈ کریں

طالب علموں کو وہی پڑھنا ہو گا جو تعلیمی زندگی کے ابتدائی و ثانوی اور اعلیٰ مراحل تک لازم ہے۔ اساتذہ سب سے بہترین مشورہ یہ دیتے ہیں کہ اپنے نصاب کی ان کتابوںکو، جن کی امتحانات میں ضرورت ہے، اسمارٹ فون پر ڈائون لوڈ کر کے چلتے پھرتے پڑھیں۔ انٹرنیٹ پر سرفنگ کرتے ہوئے من پسند کتابیں مل جائیں تو انہیں آنے والے روشن دنوں کے لئے محفوظ کر لیں، جن کی عملی دنیا میں پیشہ ورانہ خدمات کے وقت ضرورت پڑسکتی ہے۔