جاپان: بینکنگ چینل سے رقم پاکستان بھجوانے میں آسانی

August 19, 2019

جاپان میں مقیم پاکستانیوں کو بینکنگ چینل سے رقم پاکستان بھجوانے کے لیے زبردست آسانیاں پیدا کردی گئی ہیں۔

نیشنل بینک آف پاکستان جاپان کے کنٹری مینجر ظہیر الدین بابر نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں مقیم پاکستانیوں کو بینکنگ چینل سے رقم پاکستان بھجوانے کے لیے زبردست آسانیاں پیدا کی ہیں جس سے نیشنل بینک سے رقم پاکستان بھجوانے میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سال جنوری سے جولائی تک دو سو اٹھتر ملین ین کی رقم بینک کے ذریعے پاکستان بھجوائی جاچکی ہے جبکہ گزشتہ سال پاکستانیوں نے نیشنل بینک کےذریعے تین سو بیاسی ملین ین کی رقم پاکستان روانہ کی تھی۔

ظہیر الدین بابر نے بتایا کہ اس سال ہمارا ہدف پانچ سو ملین ین کی رقم پاکستان بھجوانا ہے، ظہیر الدین بابر نے کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی سے رابطوں میں تیزی لارہے ہیں جبکہ پاکستان رقم بھجوانے کے لیے پاکستانی کمیونٹی کو ذاتی طور پر بینک آنے کی شرط بھی ختم کردی ہے اب صرف فیکس یا ای میل کے ذریعے بھی ہمیں ہدایات دی جاسکتی ہیں جس کے بعد صرف ایک دن میں ان کی رقم پاکستان بھجوائی جاسکے گی۔

ظہیر الدین بابر نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے قانونی شکل میں رقم بھجوانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی معیشت میں بہتری لائی جاسکے، جبکہ اس وقت پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالے جانے سے جاپانی بینکوں نے پاکستان رقم بھجوانے میں سختی کی ہے جس کے باعث نیشنل بینک پر دباؤمیں اضافہ ہوگا اور ہم کوشش کریں گے کہ پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

ظہیر الدین بابر نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان گاڑیاں بھجوانے کے لیے بینک سے رقم بھجوانا بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے جس کے باعث اب بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانی گاڑیوں کی ڈیوٹی کی رقم نیشنل بینک کے ذریعے پاکستان بھجوارہے ہیں۔