سیلیبرٹیز ہوم میں تعمیر شدہ منفرد سوئمنگ پول

September 01, 2019

ہم ایسی کئی مشہور شخصیات سے واقف ہیں، جو اپنی بے تحاشا دولت کو بے دریغ خرچ کرنے سے نہیں گھبراتیں، پھر چاہے وہ مہنگی گاڑیوں کی خریداری ہویا خوبصورت و عالیشان گھروں کی تعمیر۔ مشہور ومعروف سیلیبرٹیز کے لیے یہ عام سی بات سمجھی جاتی ہے۔ ایک طرف جہاں ان سیلیبرٹیز کے لیے مہنگے اور عالیشان گھروں کی تعمیر اور خریداری عام سی بات ہے، وہیں ان گھروں میں کچھ آسائشیں ایسی بھی ہیں جن کا ہونا ان کے لیے لازمی سمجھا جاتا ہے اور سوئمنگ پول انہی ضروریات میں سے ایک ہے۔ تاہم یہ کوئی روایتی یا عام سوئمنگ پول نہیں ہوتے بلکہ نت نئے اور منفرد انداز میں تعمیر کروائے گئے خوبصورت اور اسٹائلش سوئمنگ پول ہوتے ہیں۔ آج ہم قارئین کی معلومات میںاضافے کیلئے چند سیلیبرٹیز کے گھروں میںتعمیرشدہ منفرد پول ڈیزائنز کی بات کرنے جارہے ہیں تاکہ آپ بھی ان خوبصورت ڈیزائنز والے سوئمنگ پولز جیسا کوئی ایک اپنے گھر کے آؤٹ ڈور کا حصہ بھی بنا سکیں۔

کارڈیشین

ہالی ووڈ کی معروف سیلیبرٹی فیملی ’کارڈیشین‘ کے مداح اس بات سے واقف ہیں کہ امریکی ریاست فلوریڈ ا کے شہر میامی میں کارڈیشین فیملی کے ایک یا دو نہیں بلکہ درجن سے زائد گھر موجود ہیں۔ ان گھر وں سے سمندر نزدیک ہونے کے باعث کارڈیشین سسٹرز نے انفینیٹی پول کا انتخاب کیا ہے اور اسے عام انفینیٹی پولز سے قدرے منفرد بنانے کیلئے اس میں زیر آب اسپیکرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سوئمنگ پول کی منفرد، سادہ اور خوبصورت تعمیر کے ساتھ اسپیکرز کا ہونا، تمام افراد کو اپنی جانب متوجہ کرنے کا سبب بنتا ہے۔ انفینیٹی پول کی خاصیت یہ ہے کہ اس طرز پر تعمیر کروائے گئے سوئمنگ پول سمندر کے نزدیک گھروں میں تعمیر کیے جاتے ہیں، جن میں خود کار پمپ اور مختلف تعمیری مواد کے ذریعے سمندر کا پانی سوئمنگ پول تک پہنچتا ہے۔

بیونسے

بیونسے کا شمار ہالی ووڈ کی مہنگی اور امیر ترین گلوکاراؤں میں کیا جاتاہے۔ بیونسے کے لائف اسٹائل کی بات کی جائے توانھیں بھی ہالی ووڈ کی دیگر سیلیبرٹیز کی طرح پرتعیش اور آسائشات سے سجے لائف اسٹائل میں زندگی گزارنا پسند ہے۔ سیلیبرٹیز پول کے حوالے سے ہم امریکی ریاست ہوائی میں تمام جدید سہولیات سے مزین بیونسے کے خوبصورت اور پر تعیش گھر میں تعمیر کیے گئے سوئمنگ پول کا ذکر کریں گے۔ یہ گھر 17ہزار 994اسکوائر فٹ کے رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اگر سوئمنگ پول کی بات کی جائے تو یہ قدرے چھوٹا ہے لیکن ارد گرد قدرتی مناظر کے اضافے سے یہ بہت خوبصورت نظر آتا ہے۔ بیونسے کے اس گھر میں موجود سوئمنگ پول کم رقبے پر تعمیر کیے جانے والے گھروں کیلئے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔

سیلین ڈیون

فلم ٹائیٹینک کے گانے سے شہرت پانے والی پاپ سنگر سیلین ڈیون تیراکی کا بے حد شوق رکھتی ہیں۔اٹلانٹک سمندر سے چند قدم فاصلے پر سیلین ڈیون کے گھر کے آؤٹ ڈور ایریا میں بھی سوئمنگ پول تعمیر کیا گیا ہے، جس کے اردگرد ارینجمنٹ کے طور پر چیئرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل انٹرنیٹ پر گلوکارہ کے محل نما گھر کی تصاویر بے حد وائرل ہوئی تھیں، جس میں سوئمنگ پول لوگوںکی توجہ کا مرکز بنا تھا۔ اٹلانٹک میںتعمیر ساڑھے نو ہزار مربع فٹ کے رقبے پر محیط 20ملین ڈالر کے عالیشان گھر میں دو سوئمنگ پول ، دو واٹر سائیڈز اور ایک مصنوعی نہر تعمیر کروائی گئی ہے، جہاں سالانہ ساڑھے چھ ملین گیلن پانی تبدیل کیا جاتا ہے۔

جینیفر اینسٹن

زندگی کی پچاس بہاریں دیکھنے والی ہالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ جینیفر اینسٹن کا شمار بھی زائد معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ جہاںزائد معاوضہ ، بے تحاشا شان وشوکت اور پر تعیش گھر ہالی ووڈ اداکاروں کا وطیرہ ہے، وہاں جینیفر بھی کسی طور پیچھے نہیں۔ بیورلی ہلز میں واقع ان کا کروڑوں ڈالر مالیت کا گھر اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جینیفر نے اس گھر میں سوئمنگ پول کی تعمیر کے لیے گھر کے عقبی حصے کا انتخاب کیا ہے، جو کہ سادہ ہونے کے باوجود بے حد پُر کشش ہے۔ سوئمنگ پول کے ساتھ اسپا بھی تعمیر کیا گیا ہے ۔