آج ناشتا، کھانا ذرا تگڑا ہوجائے

September 15, 2019

ہر روز ایک سے کھانے کھا کھا کر دِل اُکتا سا جاتا ہے۔ کبھی کبھی اس پیچیدہ سوال کہ ’’آج کیا پکایا جائے؟‘‘ کا کچھ منفرد سا حل بھی ڈھونڈنے کو جی چاہتا ہے۔ تو چلیں، آج روایتی دیسی کھانوں ہی میں کچھ ادل بدل کرکے ذرا مختلف و منفرد سی ڈشز تیار کرتے ہیں۔

قیمہ یخنی پلاؤ

اجزاء:قیمہ ایک کلو، چاول(بھگو دیں) دو پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، پیاز(باریک کاٹ لیں)تین عدد، ثابت گرم مسالا ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، چکن پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، ہری مرچیں تین سے چار عدد، ہرا دھنیا آدھی گڈی اور تیل آدھی پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے قیمہ دھوکر چھلنی میں رکھ دیں، تاکہ خشک ہو جائے۔ پھرپین میں تیل گرم کرکے گرم مسالا اور سفید زیرہ ڈال کر بھون لیں۔اب اس میں پیاز سُنہری کرکے اور قیمے کے ساتھ دیگر اجزاء شامل کرکےمزید اچھی طرح بھونیں۔ اس کے بعد ڈھائی سے تین پیالی پانی ڈال دیں،جب اُبال آجائے،تو چاول شامل کر کےدرمیانی آنچ پر پکنے دیں، پانی خشک ہونے لگے، تو آنچ ہلکی کرکے دَم دے دیں۔ بعدازاں، گرم گرم ڈش میں نکال کر سلاد، رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

ہرا مسالا چنے

اجزاء:پیاز(باریک کاٹ لیں) ایک عدد، چنے(اُبلے ہوئے)ایک کپ، لیموں کارس دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ(کُٹی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، ہری مرچیں حسبِ ضرورت، دھنیا ایک گڈی، پودینا ایک گڈی، چاٹ مسالا آدھا چائے کا چمچ اور اِملی کا گُودا حسبِ منشاء۔

ترکیب:دھنیا، پودینا اور ہری مرچیں پیس کر چٹنی بنالیں۔ پین میں تیل گرم کریں اور چٹنی سمیت تمام مسالے ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ پھر املی کا گُودا شامل کرکے تھوڑا پکنے دیں۔ پھر چنے ڈال کر اچھی طرح بھونیں اور لیموں کا رس چھڑک کر چولھا بند کردیں۔ اب ایک پیالے میں لیموں کے قتلوں، ٹماٹر اور ہری مرچ سے سجا کر پیش کریں۔

فرائیڈ چائینز چکن

اجزاء: چکن بون لیس بارہ پیسز، ثابت لال مرچ حسبِ ضرورت، سرکہ ایک کھانے کا چمچ، سویا ساس چار چائے کے چمچ، بادیان کےپھول دو یا تین عدد، دار چینی ایک ٹکڑا، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، پیاز(باریک کٹے ہوئے)ایک کپ، تیل چار کپ، کارن اسٹارچ(مکئی کا سفوف تھوڑے سے پانی میںگھول لیں)،دو چائے کے چمچ ،پانی ایک کپ اور چینی دو چائے کے چمچ۔

ترکیب:چکن ڈیپ فرائی کرکےایک پیالے میں نکال لیں۔ پھر اسی تیل میں(اگر ضرورت ہوتو مزید تیل ڈال سکتے ہیں)ادرک، لہسن کا پیسٹ، پیاز، بادیان کے پھول، دار چینی اورثابت لال مرچ ڈال کر فرائی کرلیں۔اس کے بعدچکن ، چینی، سویا ساس، سرکہ اور ایک کپ گرم پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر پکنے دیں، جب پانی خشک ہوکر تیل نظر آنے لگے، تو کارن اسٹارچ شامل کرکے گریوی خشک کرلیں۔ اس کے بعد کُھلی ڈش میںنکال کر، اطراف میں کھیرے کے قتلےسجا کر سَرو کریں۔

پوری پراٹھا

اجزاء: آٹاآدھا کلو، نمک آدھا چائے کا چمچ، گھی یا تیل دو کھانے کے چمچ اور چینی(پِسی ہوئی یا تھوڑے سے پانی میں گھول لیں) آدھاکھانے کا چمچ۔

ترکیب: تمام اجزاء مِکس کرکے نرم ڈو بنالیں۔ اب اس کی بالز بناکر برش کی مدد سے تیل لگاکے پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد تیل گرم کرکے پوری اسٹائل میں پراٹھے بیل کرکڑاہی میں فرائی کرلیں۔

(سیدہ ناہید نرگس، کراچی)

آلو کی ترکاری

اجزاء: آلو (اُبال لیں)آدھا کلو، سُرخ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، کلونجی ایک چوتھائی چائے کا چمچ، ثابت لال مرچ چھے سے آٹھ عدد، آدھے لیموں کا رس اور تیل حسب ِضرورت۔

ترکیب:ایک پین میں تیل گرم کرکے آلو کے سوا تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ پھر اس میں ایک کپ پانی شامل کرکے اُبال آنے تک پکالیں۔اس کے بعد اُبلے ہوئے آلو موٹے موٹے کچل کر اس میں شامل کردیں اور ہلکی آنچ پر کچھ دیر تک پکنے دیں۔ آخر میں ثابت لال مرچ کا بگھار لگادیں۔

(عطیہ سعید، اورنگی ٹاؤن،کراچی)