معاشی پالیسیوں کے نتائج آنا شروع ہوگئے، معاشی ٹیم کی وزیراعظم کو بریفنگ

September 14, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

معاشی پالیسیوں کے نتائج آنا شروع ہوگئے، معاشی ٹیم کی وزیراعظم کو بریفنگ

وزیراعظم عمران خان کو ملک کی معاشی صورتحال پر وزارت خزانہ نے بریفنگ دے دی۔

وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اہم اجلاس ہوا۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سمیت معاشی ٹیم کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

حکومتی معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو معیشت کی بہتری اور استحکام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

معاشی ٹیم نے بتایا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق برآمدات میں اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تجارتی خسارے میں 38 فیصد کمی، ٹیکسوں کی وصولی میں بہتری، ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور نجی کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

سیکریٹری خزانہ نے مختلف وزارتوں کامرس ،صنعت و حرفت ،نیشنل فوڈ سیکیورٹی، وزارت پٹرولیم، ایف بی آر، سرمایہ کاری بورڈ اور ایوی ایشن ڈویژن کی مالی سال کی ہر سہ ماہی کے لیے مقررہ کیے گئے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیرِاعظم نے مختلف وزارتوں کو ہدایت کی کہ ان سہ ماہی اہداف کے حصول اور اس ضمن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی جانچ کے لیے ٹائم لائن پر مبنی واضح طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ جہاں اہداف کی تکمیل مقررہ وقت میں مکمل بنائی جاسکے، وہاں ان کے نتیجے میں اداروں کی کارکردگی اور خصوصاً سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جاسکے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس ضمن میں حکومت ایس ایم ایز کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔