سونے کی قیمت میں ایک سال میں 33ہزار روپے اضافہ

September 15, 2019

سونے کی قیمتوں میں ایک سال میں 33 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر

سونے کا کاروبار کرنے والے صراف کا کہنا ہے کہ ایک سال میں ان کا کاروبار تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے اور سونا عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہو گیا ہے جبکہ مصنوعی زیورات بیچنے والوں کی چاندی ہو گئی ہے۔

سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ کاروبار کا برا حال ہے ، سونا اتنا مہنگا ہو چکا ہے کہ کوئی خریدار ہی نہیں آتا، کاروبار تباہ ہو چکا، لوگ مصنوعی زیورات سے گزارا کرنا سیکھ رہے ہیں اور آرٹیفیشل جیولری کا کاروبار اب ترقی پا رہا ہے ۔

تاجروں کے مطابق جن کی شادی ہونی ہے وہ تو مایوس بھی ہیں اور غصے میں بھی، مگر اس کا حل ہے تھوڑا سا سونا اور باقی آرٹیفیشل جیولری، لوگ سونے کی بجائے اب مصنوعی زیورات خرید تو رہے ہیں، مگر خوش نہیں ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ اصل اور نقل میں فرق تو ہوتا ہی ہے، دلہن کے لیے سونے کا نعم البدل بھلا کیا ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سونے کی قیمت اگست 2018 میں تقریباً 55 ہزار روپے فی تولہ تھی۔