اژدھا ، مگر مچھ کے ساتھ ویڈیو پر رابی پیرزادہ کو عدالت نے طلب کرلیا

September 16, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

رابی پیرزادہ کی اژدھوں اور مگر مچھ کے ساتھ ویڈیو وائرل

معرو ف گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ کو اژدھے اور مگر مچھوں سے دوستی کرنا مہنگا پڑگیا، عدالت نے گلوکارہ کو 27 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔

گلوکارہ رابی پیر زادہ کے خلاف محکمہ وائلڈ لائف کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے سمن جاری کردیے۔

سوشل میڈیا پر رابی پیرزادہ کی اژدھوں، سانپوں اور مگر مچھ کے ساتھ ویڈیوز وائرل ہو نے کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے ان کے خلاف کارروائی کی۔

محکمہ وائلڈ لائف نے گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف چالان ماڈل ٹاؤن کچہری کی عدالت میں پیش کیا تھا، جس میں کہا گیا ہے کہ رابی پیرزادہ نے غیرقانونی طور پر اژدھے اور مگر مچھ پال رکھے ہیں، رابی پیرزادہ کا یہ اقدام انتہائی غیر قانونی اور خطرناک ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اژدھا، مگر مچھ اور سانپ وغیرہ رکھنا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، ایسے جانور رکھنے پر جرمانہ اور پانچ سال قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

گلوکارہ رابی پیرزادہ نے گزشتہ ہفتے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے سانپ، مگر مچھ اور اژدھے کے ساتھ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کشمیر میں جاری جارحیت پر للکارا تھا۔

رابی پیرزادہ نے کشمیری لباس زیب تن کیا ہوا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ ایک کشمیری لڑکی کی مودی کے خلاف تیاری، ویسے تو اسے جہنم میں جانا ہی ہے مگر اس جیسے انسان کی دنیا بھی جہنم ہونی چاہیے۔

ویڈیو میں رابی پیرزادہ اپنی آواز میں کشمیر کے لیے گانا گاتے ہوئے بھی نظر آرہی ہیں۔