اگر رشتے ٹھیلے پر بیچے جائیں؟

September 17, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

شادی کے لیے رشتے ڈھونڈنا ہمارے یہاں ایک الگ ہی طرح کا کلچر بن چکا ہے۔ لڑکی والوں اور لڑکے والوں کی ڈیمانڈز بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں۔

مشہور کامیڈین اور وی لاگر دانش علی اس مسئلے کو اپنی نئی ویڈیو کےذریعے سامنے لائے ہیں۔

کامیڈین دانش علی کی یہ رشتہ ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے جسےسوشل میڈیا پر اب تک لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

فلم ہیر مان جا میں مرکزی کردار ادا کرنے والے حریم فاروق اور علی رحمان بھی دانش علی کی اس مقبول ویڈیو کا حصہ ہیں اور اپنی فلم کی تشہیر کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

’رشتے کا سودا ‘ کے نام سے ویڈیو میں کامیڈین دانش علی رشتہ کروانے والے بنے اور حریم اپنی والدہ کےساتھ مناسب پیسوں میں اچھا رشتہ ڈھونڈنے کے لئے کوشاں ہیں۔

ویڈیو میں دانش علی کچھ شعبوں سے تعلق رکھنے والے لڑکوں کو ریڑھی پر بٹھا کر ’رشتے والے‘ آوازیں لگا رہے ہیں۔ حریم اپنی والدہ کے ساتھ بالکونی میں کھڑی ہیں اور ریڑھی پر موجود ہر ایک کا خاندانی پس منظر ، شعبہ اور ان کی قیمت دریافت کرتی ہیں۔

یوٹیوبر نے ڈاکٹر ، بینکر اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شخص کا رشتہ بتایا ۔

آخر میں لڑکی کے لیے اس شخص کا رشتہ پسند کیا گیا جس پر قتل کا مقدمہ درج تھا لیکن اس کا ڈیفنس میں اپنا گھر اور خود کی فیکٹری بھی تھی۔

لیکن لڑکی کی ماں نے اس کی دولت دیکھتے ہوئے اپنی بیٹی کے لیے اس کو منتخب کرلیا اور ایک اہم پیغام بھی دے ڈالا۔

اس کے علاوہ ویڈیو اس چیز کی بھی عکاسی کرتی نظر آتی ہے کہ آج کل شادیوں میںبہت دکھاوا کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے متوسط طبقہ بھی اس دباؤ کا شکار ہوکر قرض کے بوجھ تلے دب کر بھی حیثیت سے زیادہ خرچ کرنے پر مجبور ہیں ۔

اپنی اس ویڈیو میں دانش علی نے معاشرے کے ایک ایسے مسئلے کی جانب توجہ دلانے کی کوشش کی ہے جس کو ہم میں سے بہت سےلوگ سمجھ کر بھی نہیں سمجھنا چاہتے ۔

دانش علی نے اس ویڈیو میں رشتہ کروانے والی خواتین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور اُن کی بھی بہت سے دقیانوسی روایات کو نمایاں کیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان ‘ میں دانش علی نے ویڈیو سے متعلق گفتگو میں بتایا کہ انہیں یہ چار سے پانچ منٹ کی ویڈیو بنانے میں انہیں تین مہینے لگے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حسِ مزاح کی کمی نہیںہے ۔ پاکستان میں جتنے مزاحیہ لوگ ہیں پوری دنیا میں نہیں ہیں۔


دانش علی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں لیکن آج کل وہ سنجیدہ مسائل پر مبنی ویڈیوز بنا رہے ہیں اور معاشرے کو ایک مثبت پیغام دے رہے ہیں۔