’سول اسپتال‘ کراچی میں انگریزوں کا تعمیر کردہ پہلا اسپتال

September 19, 2019

مختار احمد

انگریزوں نے جب 1839ء میں سندھ پر قبضہ کیا تو شہر کی حالتِ زار دیکھ کر انہوں نے سب سے پہلے یہاں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے میونسپل کمیشن قائم کیا۔ جب صفائی کی حالت قدرے بہتر ہو گئی تو انہوں نے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے غور و خوض کیا اور پھر مخیر حضرات کی مدد سے شہر میں لوگوں کو علاج کی سہولت مہیا کرنے کےلئے چھوٹی چھوٹی ڈسپنسریاں بنائیں۔

ابتداء میں یہ ڈسپنسریاں صدر، بندر روڈ، لیاری اور منوڑہ میں قائم کی گئیں، جہاں سالانہ 4 سے 5 ہزار لوگوں کا علاج کیا جاتا تھا۔ گو کہ اب وہ ڈسپنسریاں بیشتر علاقوں میں موجود نہیں ،مگر صدر اور لیاری کے علاقے میں ایڈل جی ڈنشا کے تعاون سے قائم ہونے والی یہ ڈسپنسریاں اب بھی کام کر رہی ہیں۔اب جہاں تک شہرِ کراچی میں باقاعدہ اسپتالوں کے قیام کا تعلق ہے تو اسپتالوں کا قیام بھی انگریزوں کے زمانے میں عمل میں آیا، سب سے پہلے انگریزوں نے فوجیوں کے علاج کےلئے سول اسپتال کی بنیاد رکھی، جہاں ابتداء میں عام افراد کا علاج نہیں کیا جاتا تھا۔ لہذا ماضی میں فوجیوں کو معالجے کی سہولت فراہم کرنے والے اسپتال کو اگر کراچی کا پہلا باقاعدہ اسپتال کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔

اِس کے بعد انگریزوں نے منوڑہ کا اسپتال، گزری سینیٹوریم، اسٹیشن اسپتال، کیماڑی اسپتال، لیڈی ڈیفرن اسپتال، سوبھراج چیتو مل ڈسپنسری، ڈسپنسر آئی اسپتال بھی قائم کیے۔ جہاں نہ صرف وبائی امراض کی صورت میں لوگوں کا علاج کیا جاتا تھا بلکہ اُس زمانے میں چونکہ مہلک امراض کی ویکسینیشن کو باقاعدہ ایکٹ میں شامل کیا گیا تھا، لہذا یہ اسپتال عوام کو مہلک امراض سے بچانے کےلئے ٹیکے لگانے کا کام بھی کیا کرتے تھے۔

سول اسپتال کی تاریخ انتہائی دلچسپ ہے، مورخین کے مطابق جب انگریزوں نے 1839ء میں سندھ پر قبضہ کیا تو انگریز فوجیوں نے سول اسپتال کے نزدیک عیدگاہ میدان کے ایک وسیع رقبے پر خیمے لگا کر پوری فوجی کالونی آباد کر دی اور یہاں مقیم ہو گئے۔ اِسی دوران ہیضے کی وباء پھیل گئی، اکثر و بیشتر فوجی اِس بیماری کا شکار ہو گئے کیونکہ اِس وقت تک علاج معالجے کے لئے کوئی اسپتال قائم نہیں تھا، لہذا فوری طور پر سول اسپتال کی موجودہ جگہ پر انگریز فوجیوں نے خیموں کے اندر ہی ایک ڈسپنسری قائم کی ،جہاں وبائی امراض کے شکار فوجیوں کا علاج معالجہ ہونے لگا اور بالآخر علاج معالجے کی بہتر سہولت فراہم کرنے پر یہ وبائی مرض ختم ہو گیا ،جس پر برطانوی فوج کے اعلیٰ افسران نے ایک اسپتال فوجی کیمپوں کے نزدیک قائم کرنے کی ضروت محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر پتھروں کے ذریعے ایک عمارت تعمیر کی جسے ملٹری اسپتال کا نام دیا گیا۔

اِس اسپتال میں ماسوائے برطانوی افواج سے تعلق رکھنے والے فوجیوں کے، کسی کا علاج نہیں کیا جاتا تھا، پھر جب اِن فوجیوں کےلئے صدر لکی اسٹار کے علاقے میں باقاعدہ طور پر بیرکس قائم ہو گئے تو کیمپوں میں مقیم تمام فوجیوں کو وہاں منتقل کر دیا گیا، جس کے بعد یہ اسپتال کچھ عرصے کےلئے بند ہو گیا۔ شہر میں فوجیوں کے لئے اسپتال قائم ہونے کے بعد اُن کا مسئلہ تو حل ہو گیا، مگر عام شہریوں کے لئے اسپتال کی ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی رہی۔ جس کے پیشِ نظر فوجی حکام نے مشاورت کے بعد 1854ء میں عوام کی ضرورت کے تحت اُسی جگہ ایک کشادہ اسپتال قائم کیا اور اُسے شہر کی عوام کے لئے وقف کر دیا اور ملٹری اسپتال کے نام کو تبدیل کرتے ہوئے اِس کا نام سول اسپتال رکھ دیا گیا۔

اسپتال کی تعمیر پر کُل 6 ہزار 8 سو 78 روپے خرچ ہوئے اور کیونکہ یہاں علاج معالجےکےلئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد آیا کرتی تھی، لہذا اِسے مزید کشادہ کرنےکےلئے 1858ء میں سندھ ریلوے کمپنی نے اپنی تحویل میں لے کر نئے سرے سے اُس کی تعمیر کرائی اور یہاں جنرل وارڈ، اسپیشل وارڈ، متعدی بیماریوں کے وارڈ کے ساتھ نرسوں کے لئے کوارٹر تعمیر کر کے اُسے کراچی میونسپلٹی کے حوالے کر دیا اور اِس کا پہلا انچارج مسٹر آرامسے کو بنایا گیا اور مسٹر رستم جی اُن کے اسسٹنٹ مقرر ہوئے ،جنہوں نے اِس اسپتال کے انتظامات کو نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ چلایا۔ کہا جاتا ہے کہ 1857ء تا 1856ء میں یہاں ایک سال کے دوران 1896 لوگ جبکہ 1859ء تا 1858ء میں 2104 لوگوں کا علاج کیا گیا۔

اِس کے بعد سے یہ اسپتال ترقی کرتا ہوا شہر کراچی کا ایک بڑا اسپتال بن گیا، جہاں آج ٹراما سینٹر سمیت لیبارٹری، جنرل وارڈ، اسپیشل وارڈ قائم ہیں جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ سول اسپتال جوکہ غیر فوجیوں کے اسپتال کے نام پر شہرت اختیار کر گیا اور اپنے قیام سے لے کر 19 اگست تک اِسی نام سے موسوم رہا ،مگر جرمن مسیحا ڈاکٹر رتھ کیتھرینا مارتھا فاؤ ،جنہوں نے اپنی تمام تر زندگی پاکستان میں جذام کے اُن مریضوں کا علاج کیا، جن کے قریب جانا بھی کوئی پسند نہیں کرتا تھا، صرف علاج ہی نہیں کیا بلکہ پورے ملک کے اندر جذام کے 156 مراکز قائم کر کے پاکستان کو جذام کنٹرولڈ ملک بنایا۔ 10 اگست 2017ء کو وہ مقامی اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ کو جب 19 اگست میں گورا قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا تو وزیراعلیٰ سندھ نے اُن کی خدمات کے اعتراف میں سول اسپتال کا نام تبدیل کر کے اُس کا نام ڈاکٹر رتھ کیتھرینا مارتھا فاؤ اسپتال رکھ دیا۔ اِس طرح اُن کے پاکستان سے احسانوں کا بدلہ تو نہیں چکایا جا سکتا لیکن اسپتال کے نام کی تبدیلی سے اُن کی خدمات ہمیشہ زندہ رہیں گیں۔