’پورٹ گرینڈ‘ کھانے، تفریح اور خریداری کے شوقین افراد کے لئے بہترین جگہ

September 19, 2019

نوشابہ فہیم

کراچی کو پاکستان کا تجارتی مرکز کہا جاتا ہے اور یہ ایک ایسا شہر ہے ،جہاں کروڑوں کی لوگ بستے ہیں۔ یہ شہر اپنی مصروف تجارتی سرگرمیوں ، رنگینیوں اور روشن راتوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ کراچی میں لوگوں کی سب سے نمایاں اور پسندیدہ تفریحی گھومنا پھرنا ہے- اور جب بات گھومنے پھرنے کی آئے تو اکثر لوگ اپنے دوستوں یا رشتے داروں کے ساتھ مل کر کسی ہوٹل یا ریسٹورینٹ میں کھانا کھانے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔

ایک مصروف ترین ہفتے کے اختتام پر آپ ضرور کسی پُرسکون مقام پر جانا چاہیں گے، سوال یہ سامنے آتا ہے کہ آخر کہاں جائیں؟ کھانا کھانے کے لئے باہر جانا کراچی میں سب سے زیادہ عام ہے، کیوں کہ یہاں مختلف اقسام کے مشہور ریسٹورنٹس اور فوڈ اسٹریٹس موجود ہیں، کھانا کھانے گھر سے باہر جانا اب ایک روایت کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ کراچی کے رہائشیوں کی زندگیوں میں سیر و تفریح کو فروغ دینے میں ان فوڈ اسٹریٹس کا بڑا اہم کردار ہے۔ کراچی یہ فوڈ اسٹریٹس کراچی کی معاشی ترقی میں بہت حد تک مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ ان ہی میں پورٹ گرینڈ بھی ہے جو کراچی کا سب سے بڑا ساحلی شہر میں واقع ہے۔ یہ کھانے ‘تفریح‘ سیر و سیاحت خریداری کے شوقین افراد کے لئےبہترین جگہ ہے ۔

یہ تاریخی ریلوے ٹریک اور بندرگاہ کے سنگم پر واقع فوڈ اسٹریٹ ہے ۔ گرمی میں سمندر کے کنارے چہل قدمی کا مزہ ہی کچھ اور ہے لیکن یہاں عام افراد کھانا بھی کھاتے ہیں اور پورٹ میں لنگر انداز بحری جہازوں کا نظارہ بھی کرتے ہیں۔ یہ ایک تفریحی، خریداری اور کھانے پینے کی مشہور جگہ ہے۔کراچی ہی کیا پورے ملک میں اس جیسا کوئی دوسرا مقام نہیں ہے۔ یہاں کھانے پینے کا اعلیٰ سامان موجود ہے، جس کی بنا پر اسے ایشیا کی بڑی فوڈ اسٹریٹس (Food Streets) میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں اعلیٰ معیار کی شاپنگ اور تفریح کا بھی بندوبست ہے۔ پورٹ گرینڈ کی تعمیر کے لیے خصوصی طور پر بین الاقوامی ڈیزائنرز اور انجینیئرز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔

تیرہ ایکڑ پر محیط ’’پورٹ گرینڈ‘‘ کو کراچی کے ساحل سمندر پر اس طرز سے تعمیر کیا گیا ہے کہ اس کی فوڈ اسٹریٹ سمندر کے پانی کے اوپر ہی واقعہ ہے۔ شام میں غروب ہوتے ہوئے سورج کا منظر اس سے خوبصورت کہیں اور نظر نہیں آتا۔ سمندر کا پانی، ٹھنڈی ہوا، سمندر میں ہچکولے کھاتے سمندری جہاز اور پورٹ گرینڈ کی خوبصورتی آپ کو مسحور کر دیتی ہے۔ اس کی تعمیر جدید و قدیم طرز کا امتزاج لیے ہوئے ہے۔ کہیں تاریخی پرانے قلعے کا احساس ہوتا ہے تو کہیں اس کی جدید خوبصورتی دیکھ کر کسی بیرون ملک میں موجود ہونے کا گمان ہوتا ہے۔پورٹ گرینڈ میں داخل ہوتے ہی ڈیڑھ سو سال پرانا برگد کا درخت آپ کا استقبال کرتا ہے، قدیم درختوں کو کاٹے بغیر خوبصورت ریسٹورنٹ تعمیرکیا گیا جو فن تعمیر میں کاریگروں کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہےاورجسے بہت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ اگر صرف کھانے کی بات کریں تو پورٹ گرینڈ میں آپ کو دنیا بھر کے ذائقے ایک ہی مقام پر میسر ہیں۔ پاکستانی روایتی کھانوں سے لے کر دنیا بھر کے مشہور کھانے یہاں موجود ہیں۔یہاں کی خوبصورتی، ہرا بھرا ماحول اور صفائی کا اعلیٰ انتظام تو دلکش ہے ہی لیکن ریسٹورینٹس (Restaurants) کی خصوصی تعمیر آپ کا دل موہ لے گی۔

ریسٹورینٹ اس طرز پر بنائے گئے ہیں کہ ان میں کھانا کھاتے ہوئے ایسا گماں ہوتا ہے، جیسے آپ کسی شپ (Ship) میں بیٹھے ہوں۔ یہاں آئس کریم، کافی، سوپ اور چاکلیٹ کے مشہور ذائقے بھی موجود ہیں، جبکہ ہماری روایتی اور عام پسندیدہ چیزیں یعنی چاٹ، گول گپے اور گولا گنڈا وغیرہ بھی دستیاب ہیں۔پورٹ گرینڈ میں بہت خوبصورت شاپنگ سینٹر بنایا گیا ہے۔ جہاں مختلف گفٹس (Gifts) اور نوادرات (Antiques) دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ بک اسٹور (Book store) بھی موجود ہے۔ بچوں کے لیے خاص طور پر پلے ایریا (Play area) بنایا گیا ہے۔ جہاں مختلف کھیلوں کے سامان موجود ہیں۔ بچوں کی پسندیدہ ترین چیز یعنی جمپنگ (Jumping) اور کلرنگ (Colouring) کا خاص بندوبست ہے۔یہاں صرف فیملیز کے داخلے کی اجازت ہے۔پورٹ گرینڈ میں موسیقی کے پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں نوجوان نسل کا ایک ہجوم نظر آتا ہے۔یہاں موجود کیفورڈ اسٹریٹ کا شمار دنیا کے بہترین تفریحی مقامات میں ہوتا ہے۔

شہر کے تمام ہنگاموں سے دور پورٹ گرینڈ کا حسین نظارہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور گرمی سے ستائے عوام کے لیے بہترین تفریحی کا باعث ہے۔