بلاول بھٹو نے میڈیا ٹربیونلز کو مسترد کر دیا

September 18, 2019

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا ٹربیونلز کو مسترد کر دیا۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مخالفوں کو نشانہ بنانے کی مہم پر ہے، حکومت سیاسی مخالفوں کی طرح تنقید کرنے والوں کو بھی جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں ڈالنا چاہتی ہے۔

چیئرمین پی پی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہٹلر کے دست راست بدنام زمانہ گوئبلز کی یاد تازہ کر دی ہے، حکومت نے سیاسی مخالفوں اور تنقید کرنے والوں کو خاموش کرنے کا آسان راستہ ڈھونڈ نکالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد میڈیا ٹریبونلز بھی مخالفوں اور تنقید کرنے والوں کو نشانہ بنانے کے لیے قائم کئے جا رہے ہیں، اس سے پہلے نیب کے ذریعے سیاسی مخالفین کو خاموش کروانے کی کوششیں کی گئیں، ان میڈیا ٹریبونلز کا مقصد بھی صرف مخالف اور تنقید کرنے والوں کی آواز دبانا ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا بھی مودی کے چیلوں کی طرح کام کر رہی ہے، تحریک انصاف کی سوشل میڈیا کا کام شہریوں کو آن لائن ہراساں کرنا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی قیمت پر میڈیا ٹریبونلز کا بل پاس نہیں ہونے دے گی، پاکستانی میڈیا سینسرشپ کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پی پی پی آزادیٔ صحافت کی علمبردار ہے، موجودہ حکومت کو کسی قیمت پر آزاد یٔ صحافت کو نشانہ نہیں بنانے دیں گے۔