مدرسے کی تعلیم اور اسکولوں کا معیار بہتر بنائیں گے، شفقت محمود

September 19, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیربرائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم کا معاملہ صوبوں کا ہے مگر نصاب ایک ہونا چاہیے،یکساں تعلیمی نصاب تیار کر رہے ہیں جو ملک کے تمام اسکولوں میں نافذ ہوگا،مدرسے کی تعلیم اور سرکاری اسکولوں کے حالات زار اورمیعار کو بہتر بنایا جائیگا وہ بدھ کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کے تحت جامعہ کراچی میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی، وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر عطا الرحمن، ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور حسین ابراہیم جمال فاونڈیشن کی ثمن عزیز جمال نے بھی خطاب کیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ سے طبقاتی امتیازات میں کمی واقع ہوگی۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ اربوں روپوں کی مدد سے متعدد صنعت، زراعت، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، نیون ٹیکنالوجی، انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی، خلائی سائینس وغیرہ سے متعلق پروجیکٹس پر کام ہورہا ہے۔