سیکریٹری پی ایف ایف کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

September 19, 2019

فیفا نارملائزیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس پر حمزہ خان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری پاکستان فٹ بال فیڈریشن کرنل (ر) احمد یار خان لودھی کو سبکدوش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

حمزہ خان کے مطابق فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے مطابق فٹ بال ہائوس کا قبضہ بھی جمعے تک مل جائے گا اور فٹ بال کی بہتری میں فیصلہ کریں گے۔

اشفاق حسین گروپ کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا مرکزی دفتر فیفا فٹ بال ہائوس لاہور جمعے تک کمیٹی کے حوالے کردیں گے۔

فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے پانچ ارکان کا پہلا اجلاس کمیٹی کے سربراہ حمزہ خان کی سربراہ میں ہوا جس میں دیگر ارکان سکندر خٹک، منیر احمد خان سدھانا، سید حسن نجیب شاہ اور کرنل مجاہد اللہ ترین نے شرکت کی۔

کمیٹی کے سربراہ حمزہ خان نے جنگ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا کام پاکستان فٹ بال کی بگڑی ہوئی شکل کو درست کرنا ہے، فیفا اور اے ایف سی کا میں مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس کام کے لیے کمیٹی کا سربراہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان فٹ بال کے لیے جو کچھ کرسکتا ہوں اورکروں گا، سیاست اور کسی کا فیورٹ ازم کا میں قائل نہیں ہوں، پہلے اجلاس میں تمام ساتھیوں نے ایک دوسرے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور امید ہے کہ ہم مل جل کر پاکستانی فٹ بال کو بہتری کا راہ پر گامزن کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار خان لودھی سے کہا ہے کہ آپ باعزت طریقے سے اس عہدے سے سبکدوش ہوجائیں تاکہ ہم اپنا کام بالکل نیوٹرل ہوکر کرسکیں۔

احمد یار لودھی نے بھی ہمیں گڈلک کہا ہے اور امید ہے کہ وہ بھی ہمارے ساتھ ہر طرح کا تعاون کریں گے۔

فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا دفتر ہمارے حوالے کرنے کی ڈیڈ لائن اشفاق حسین گروپ کو جمعے تک دی ہے۔

ہمیں امید ہے کہ وہ بھی فیفا کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے دفتر ہمارے حوالے کردیں گے اور ہم پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے دفتر میں بیٹھ کر اپنی بقیہ کارروائی کریں گے۔

بظاہر تو کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پانچوں اراکین نے ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کی بات کی ہوگی لیکن بظاہر لگ رہا ہےکہ فیصلہ صالح حیات گروپ کے دو ارکان کمیٹی میں رہنے یا علیحدہ ہونے کا فیصلہ آئندہ اجلاس سے قبل کرلیں گے۔