سری لنکا کی آمد، انٹرنیشنل کرکٹ بحالی میں معاون ہوگی، پی سی بی

September 19, 2019

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف آئندہ ہفتےسے شروع ہونے والی سیریز پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں معاون ثابت ہوگی۔

شائقین کو اچھی سیریز دیکھنے کو ملے گی۔ دنیا کو اس سیریز سے یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان کرکٹ کے لئے محفوظ ملک ہے۔ پی سی بی سیریز کے کامیاب انعقاد کے لئے پرعزم ہے سری لنکا کرکٹ کا پاکستان ٹیم بھیجنے کے حوالے سے اعلان خوش آئند ہے۔

پی سی بی سری لنکا کو خوش آمدید کہتا ہے۔جمعرات کو پی سی بی نے کہا کہ سیریز کے لئے مثالی انتظامات کئے جائیں گے۔مختلف اداروں سے مل کر سیریز کو کامیاب بنایا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کی آمد سے قبل اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔

ابھی سری لنکا کی جانب سے ہمیں باضابطہ طور پر آگاہ کرنا ہے، اچھی خبر دور نہیں ہے۔ سری لنکا کے خلاف آن لائن ٹکٹوں کی فروخت رات بارہ بجے سے شروع ہوگئی، ہفتے سے ٹکٹ باضابطہ فروخت ہوں گے۔

جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے پچز کی تیاری کا جائزہ لیا، وسیم خان نے فیلڈنگ کوچ سے ٹیم کی فیلڈنگ کے امور پر بات کی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر منصور رانا بھی وسیم خان کے ہمراہ تھے، وسیم خان نے محمد حسنین سے فٹنس سے متعلق دریافت کیا، بولنگ کوچ وقار یونس نے وسیم خان کو بولرز کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

وسیم خان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی میزبانی کے لیے پرعزم ہیں، سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

وسیم خان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے پچز کی تیاری کا جائزہ لیا، انھوں نے فیلڈنگ کوچ سے ٹیم کی فیلڈنگ کے امور پر بات کی۔حکومت پاکستان نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سری لنکن بورڈ کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد اس دورے کی راہ ہموار ہوئی۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں کیے گئے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔اس حملے میں 6 پاکستانی پولیس اہلکار اور دو شہری جاں بحق ہو ئے تھے، جبکہ سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی اور میچ آفیشلز زخمی ہوئے تھے۔

اس حملے کے 8سال بعد سری لنکن ٹیم پاکستان میں ٹی20 میچ کھیلنے راضی ہوئی اور اکتوبر 2017 میں پاکستان آ کر ٹی20 میچ کھیلا تھا ۔پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے سبب سری لنکن ٹیم کے 10 اہم کھلاڑی پہلے ہی دورہ پاکستان سے انکار کر چکے ہیں۔

سری لنکن ٹیم پہلے ہی دورہ پاکستان کے لیے ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہے۔سری لنکن ٹیم پاکستان آمد کے بعد 27ستمبر کو پہلا ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے گی جس کے بعد سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز بالترتیب 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 5 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد بقیہ دونوں میچز کی میزبانی بھی قذافی اسٹیڈیم 7 اور 9اکتوبر کو کرے گا۔