منشیات کے خاتمہ کیلئے لائحہ عمل پرعملدرآمد یقینی بنایاجائے ،چیف سیکرٹری

September 20, 2019

لاہور(خصوصی نمائندہ) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھرنے ہدایت کی ہے کہ منشیات کے خاتے کیلئے تیار کئے گئے لائحہ عمل پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کیساتھ ساتھ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بھی موثراقدامات کئے جائیں۔چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے لاہور میوزیم کی عمارت کی بحالی اور نوادرات کے تحفظ سے متعلق جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور کے ہمراہ لاہور میوزیم کا دورہ کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے لاہور میوزیم کے بورڈ آف گورنرز کے5 6ویں اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا چیف سیکرٹری نے کہا کہ تاریخی اور ثقافتی ورثہ قومی اثاثہ ہے، اسکا تحفظ سب کی مشتر کہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں کی بحالی اور تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ میوزیم کی اپ گریڈیشن کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے کیونکہ یہ صرف قومی ہی نہیں بلکہ عالمی ورثہ ہے۔ اجلاس میں میوزیم کے انتظامی ، مالیاتی اور تکنیکی معاملات کی نگرانی کیلئے بورڈ ممبران پر مشتمل دو کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔