ناانصافیوں اور استحصال کے خاتمے کے لیے عوام ہمارا ساتھ دیں،بی این پی

September 20, 2019

کوئٹہ (پ ر ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ صوبے میں ناانصافیوں قتل و غارت گری ظلم و ستم کے خاتمے کیلئے عوام ہمارا ساتھ دیں۔ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچستان میں آباد اقوام کو پسماندہ رکھا گیا ہے ، ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی رکن غلام نبی مری، ضلعی صدر و رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ، ضلعی جنرل سیکرٹری آغا خالد شاہ دلسوز ، ضلعی نائب صدر طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ، ضلعی جوائنٹ سیکرٹری حاجی غفور سرپرہ ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات یونس بلوچ، میر الطاف شاہوانی ، سکندر شاہوانی ، حاجی منصور بلوچ، ملک شاہد شاہوانی اور میر لیاقت شاہوانی نے بی این پی کوئٹہ کے زیر اہتمام خالد شاہوانی اسٹریٹ چکل میاں خان اور کلی میر سکندر شاہوانی اتفاق اسٹریٹ کیچی بیگ میں نئے یونٹوں کے قیام کے موقع پر منعقدہ کارنر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نئے یونٹوں کے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔مقررین نےکہا کہ ہماری سیاست و جدوجہد کا محور و مقصد بلوچستان کے جغرافیہ اور اس کی حفاظت ساحل وسائل پر اختیار اورحق حاکمیت کا حصول یقینی بنانا ہے۔ اس مقصد کیلئے پارٹی سے تعلق رکھنے والے سرکردہ رہنماء اور نہتے کارکن گذشتہ کئی عشروں سے سابق آمریت کے دور سے لیکر آج کے نام نہاد جمہوری دور حکومتوں میں بلوچستان اور بلوچ قومی اجتماعی آئینی اور بنیادی حقوق کے حصول کیلئے اپنے حصولی موقف پر کار بند ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم ترقی و خوشحالی مخالف ہرگزنہیں۔ لیکن ماضی میں بلوچستان میں شروع کئے گئے ترقی کے نام پر جن منصوبوں کو شروع کیا گیا اور وہ آج منصوبے اپنے اختتام کو پہنچنے ہیں لیکن ان کے قیام سے لیکر خاتمے تک یہاں کے عوام کی غربت پسماندگی جہالت استحصال میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے یہ کہاں کا انصاف ہے کہ قدرتی معدنیات اور 750کلومیٹر بحر کا مالک ہونے کے باوجودیہاں کے عوام دووقت کی روٹی کےلیے ترس رہے ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کبھی کوئی غیر آئینی غیر جمہوری اورغیر انسانی مطالبہ و ڈیمانڈ نہیں کیا۔مقررین نے کہاکہ بی این پی اپنے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیگی،مسائل کے حل کےلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری آغا خالد شاہ دلسوز کی سربراہی میں ضلعی جوائنٹ سیکرٹری میر غفور سرپرہ اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات یونس بلوچ نے یونٹ کے الیکشن کروائے، خالد شاہوانی اسٹریٹ چکل میاں خان یونٹ سیکرٹری،میر لیاقت شاہوانی ، ڈپٹی یونٹ سیکرٹری کیلئے حاجی منصور شاہوانی ، ضلعی کونسلران کیلئے میر الطاف شاہوانی اور جلیل احمد شاہوانی ، جبکہ میر سکندر شاہوانی اسٹریٹ کیلئے میر سرفراز شاہوانی یونٹ سیکرٹری ، مرتضیٰ بلوچ ڈپٹی یونٹ سیکرٹری کونسلران کیلئے لالا حنیف شاہوانی اور میر سکندر شاہوانی ضلعی کونسلران منتخب ہوئے پارٹی رہنماؤں نے نئے منتخب ہونے والے عہدیداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کو فعال اور متحرک بنانے اور علاقے میں پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔