پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ملازمت کی شرائط کو مسترد کر دیا

September 20, 2019

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں سینئر رجسٹرارز کی ملازمت کی شرائط کو ظالمانہ اور ڈاکٹرز دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور استفسار کیا ہے کہ یہ شرائط پانچ سے سات لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے ہسپتال ڈائریکٹرز، ڈینز اور میڈیکل ڈائریکٹرز کے لئے کیوں نہیں، حکومت نوٹس لے اور بھرتیاں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے قوانین کے مطابق کی جائیں۔ یاد رہے کہ ہسپتال میں 82 سینئر رجسٹرار کی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے انٹرویو کیا گیا تھا جس کی روشنی میں امیدواروں کو آفرز لیٹرز جاری کئے گئے ہیں۔ پی ڈی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملازمت کی شرائط میں تقرری ایک لاکھ 30 ہزار روپے ماہانہ پر دو سالوں کے لئے ہوگی جس میں کوئی توسیع نہیں ہوگی دو سال مکمل ہونے پر ملازمت خود بخود ختم ہوجائے گی جس کے لئے کوئی علیحدہ نوٹس جاری نہیں کیا جائے گاسینئر رجسٹرار اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی کے بھی اہل نہیں ہوں گے۔ کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے کی صورت میں کوئی وجہ بتائے اور نوٹس دیئے بغیر ختم کی جاسکے گی ملازمت کل وقتی ہوگی ادارہ جاتی یا پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت نہیں ہوگی، ڈیوٹی اوقات میں فرش پر، وارڈ میں یا ڈیسک کے پیچھے قیام لازمی ہوگا تاکہ داخل اور ایمرجنسی مریضوں کو علاج فراہم کیا جاسکے، سینئر میڈیکل آفیسرز، میڈیکل آفیسرز ، ٹرینی میڈیکل آفیسرز اور ہائوس آفیسرز کی نگرانی بھی فرائض میں شامل ہوگی ، یونٹ میں تعلیمی وتحقیقی سرگرمیوں اور کلینکل آڈٹ کی کوآرڈی نیشن، پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسرز، اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی معاونت کرنا اور مریضوں کا ریکارڈ برقرار رکھنا ہوگا، مہینے میں دو چھٹیوں کی اجازت ہوگی یکمشت تین سے زیادہ چھٹیاں نہیں ہوں گی، حاضری بائیومیٹرک نظام پر ہوگی ، استعفیٰ کے لئے 30 دن کا پیشگی نوٹس دینا ہوگا یا اس کی جگہ 30 دنوں کی تنخواہ دینی ہوگی، شامل ہیں۔