سکس ریڈ بال ورلڈ اسنوکر: محمد آصف فائنل میں پہنچ گئے

September 20, 2019


پاکستان کے محمد آصف آئی بی ایس ایف سکس ریڈ بال ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے، فیصلہ کن معرکے میں اُن کا مقابلہ بھارت کے لکشمن راوت سے ہوگا۔

میانمار میں جاری ایونٹ میں محمد آصف کا سیمی فائنل میں مقابلہ میزبان ملک کے ٹھیٹ مین لین سے تھا، بیسٹ آف نائن فریم پر مشتمل اس میچ میں دونوں کیوسٹس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

ابتدائی دو فریمز میں محمد آصف نے فتح حاصل کی، ٹھیٹ مین لین نے تیسرے اور چوتھے فریم میں کامیابی حاصل کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

پانچواں فریم آصف کے نام رہا، چھٹا فریم ٹھیٹ مین لین نے جیت کر میچ ایک بار پھر برابر کردیا۔

ساتواں فریم میانمار کے کیوئسٹ نے جیتا اور پہلی بار میچ میں سبقت حاصل کی لیکن آصف نے نہ صرف آٹھویں فریم میں فتح سمیٹی بلکہ فیصلہ کن فریم جیت کر میچ اپنے نام کرلیا۔

فائنل میں محمد آصف کا مقابلہ بھارت کے لکشمن راوت سے ہوگا جنہوں نے تجربہ کار پنکج ایڈوانی کو مات دے کر فیصلہ کن مقابلے تک رسائی حاصل کی۔