ہیڈکوچ کے سب ہی ماتحت، وقار یونس نے مصباح کیلئے مکمل سپورٹ کا اعلان کردیا

September 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کیلئے مکمل سپورٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب ہیڈ کوچ کے ماتحت ہوتے ہیں،ہمارا مقصد پاکستان ٹیم کو اوپر لے جانا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

وقار یونس کی لاہور میں میڈیا سے بات چیت

سرفراز احمد تجربہ کار ہیں، ٹیم کو ان کی ضرورت ہے، کپتان کون ہوگا فیصلہ کرنا چیئرمین کا کام ہے، اوپنر احمد شہزاد اور مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کے بارے میں کبھی نہیں کہا کہ دونوں کو ٹیم سے دور رکھا جائے۔ ماضی میں کچھ غلط فہمیاں پھیلائی گئی تھیں۔ ان باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔ وہ جمعے کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کے سامنے اچھا تاثر جائے گا، دو سے تین نوجوان کھلاڑی نظر میں ہیں، جن کا مستقبل روشن ہوگا۔ فاسٹ بولر عثمان شنواری کی جانب سے سابق بولنگ کوچ اظہر محمود پر تنقید سے متعلق کہا کہ اظہر محمود تین سال قومی ٹیم کے ساتھ رہے، انھوں نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ عثمان شنواری نے جو کہا ہے، وہ اس کی ذاتی رائے ہے، میری نظر میں اظہرمحمود بہت زبردست بولنگ کوچ ہیں، اظہر محمود کا بطور بولنگ کوچ چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں اہم کردار تھا۔ انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانا بنیادی مقصد ہے، جونیئر لیول پر بھی ہوم ورک کریں گے۔ ٹیم میں کئی بلاصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، میں نے عمراکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم سے دور رکھنے کے لئے کبھی کچھ نہیں کہا، ایک نظام ہے، سب کو اسی میں رہنا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کو جتنی سپورٹ کی ضرورت ہوگی میں دوں گا، ہمارا مقصد پاکستان ٹیم کو اوپر لے کر جانا ہے۔کوشش کروں گا کہ پاکستان کی بولنگ لائن بہتر پرفارم کرے اور اوپر جائے۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ نوجوان بولرز میں بہت ٹیلنٹ ہے، نسیم شاہ بھی باصلاحیت ہے اور محمد حسنین بھی ان بولرز میں شامل ہے جو جلد ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔ سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم آرہی ہے جو خوش آئند ہے، امید ہے کہ اسی طرح گراؤنڈ آباد ہوں گے، سری لنکن ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں ،کسی بھی ٹیم کوکمزور یا ریلو کٹا نہیں کہنا چا ہئے۔ مجھے اپنا رول پتہ ہے ،ہم مل کر کام کریں گے۔ وقار یونس نے کہا کہ ان کے یا مصباح الحق کے ہیڈ کوچ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، ہمارا مقصد قومی ٹیم کی بہتری ہے، مصباح الحق کیساتھ مل کر ٹیلنٹ کو نکھارنے کی کوشش کریں گے۔ وقار یونس نے کہا کہ چند ایک نوجوان بولرز کو گرومنگ کیلئے ٹارگٹ کیا ہے، بہت جلد قومی ٹیم کیلئے نئے فاسٹ بولرز تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ کے مائنڈ سیٹ کے ساتھ چلنا پڑتا ہے۔ ہیڈ کوچ کے ماتحت ہی سب کام کرتے ہیں۔ مصباح الحق کے ساتھ میری کیمسٹری کافی ملتی ہے۔ ٹریننگ کیمپ کے دوران بولرز محنت کر رہے ہیں، ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ میں نئی چیزیں ہوئی ہیں۔ ہم سب کا مقصد پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ ٹیم میں نئے سرے سے آغاز ہو رہا ہے، نئی ذمہ داریاں ملی ہیں، یہ کسی کی ٹیم نہیں پاکستان کی ٹیم ہے، میری کوشش ہے کہ سب کی مدد کروں، کمنٹری تو ہوتی رہتی ہے پھر کر لیں گے۔