پی سی بی کا گراؤنڈ اسٹاف کو کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ

September 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 243 کیوریٹرز اور گراؤنڈز مین کو کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ماتحت کام کرنے والے گراؤنڈ اسٹاف کو 2 ماہ کے لیے کنٹریکٹ کی پیش کش کی جائے گی۔ کنٹریکٹ کا آغاز پی سی بی کے نئے آئین کے نفاذ کے روز سے ہوگا۔ اس دوران ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ ،پی سی بی کے وینیوز کی ضروریات اور کیوریٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔ پی سی بی نے گراؤنڈ اسٹاف کے 19 اگست تک جمع ہونے والے تمام بقایاجات فوری ادا کرنے کے لئے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔ اس عمل کو آسان بنانے کے لیے پی سی بی گراؤنڈز مین اور کیوریٹرز کو 2 ماہ کے لیے کنٹریکٹ دینے کی پیش کش کررہا ہے۔اس دوران ملک بھر میں تمام گرائونڈ کے لئے اسٹاف کی تعداد کے بارے میں بھی جائزہ لیا جائے گا۔اس حوالے سے تمام گرائونڈ اسٹاف کو بورڈ سے رابطے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔